لاہورہائیکورٹ نے پی ایس ایل کی سکیورٹی سے متعلق اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں

جمعہ 16 فروری 2024 15:41

لاہورہائیکورٹ نے پی ایس ایل کی سکیورٹی سے متعلق اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2024ء) لاہور ہائی کورٹ نے شہر میں سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی سکیورٹی سے متعلق اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں اور ریمارکس دیئے کہ پی ایس ایل کے باعث لاہور میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوجاتا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہر میں سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت میں واسا،پی ایچ اے، حکومت وکیل سمیت دیگر محکموں کے لیگل ایڈوئزر پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے آج (ہفتہ ) 17فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ کی سکیورٹی سے متعلق اخراجات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پی ایس ایل کے باعث اسموگ کے تدراک کے لیے اقدامات بے اثر ہوگئے۔

(جاری ہے)

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ پی ایس ایل کے باعث لاہور میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوجاتا ہے، سٹرکوں پر ٹریفک جام ہوجاتی ہے۔

قبل ازیں سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے وکیل کیفے نے کہا کہ جوہر ٹایون والے کیفے پارٹ ٹائم کام کرتے ہیں، ڈیڈ لائن کے لیے ایک گھنٹے کا وقت بڑھا دیا جائے، جس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا۔ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ایس ایل دوبارہ شروع ہو رہا ہے، دوبارہ سے پچھلے سالوں کی طرح سب کچھ خراب ہو رہا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ اس پر درخواست دائر کریں، میں اسٹے دے دوں گا۔

جس پر ایڈوکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ میں پیر کو اس حوالے سے درخواست دائر کر دوں گا، اس کے علاوہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ ای)کے وکیل نے کہا کہ ہم نے معاہدہ کیا تھا کہ ایک درخت کاٹنے کے بدلے میں 3نئے درخت لگانے ہوں گے، اب تک 300درخت اس معاہدے کے تحت لگ چکے ہیں۔جسٹس شاہد کریم نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں رانگ پارکنگ کے حوالے سے بھاری جرمانے کیے جائیں، سوشل میڈیا پر گھروں میں پودے لگانے کے حوالے سے آگاہی دی جائے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہیٹ ویو اور اسموگ کی روک تھام کے لیے میڈیا پر اشتہار چلانے چاہیے۔بعدازاں عدالت نے سماعت آئندہ جمعے تک سماعت ملتوی کردی۔
وقت اشاعت : 16/02/2024 - 15:41:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :