ہالینڈ ہاکی کلب کی ٹیم دوستانہ میچز کھیلنے کیلئے (کل ) پاکستان پہنچے گی،پی ایچ ایف

ہفتہ 17 فروری 2024 15:56

ہالینڈ ہاکی کلب کی ٹیم دوستانہ میچز کھیلنے کیلئے (کل ) پاکستان پہنچے گی،پی ایچ ایف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2024ء) معروف ہالینڈ ہاکی کلب اولڈ نزل ہاکی کلب کی ٹیم دوستانہ میچز کھیلنے کے لیے ایک ہفتہ کے دورہ پرکل(اتوار کو) لاہور پہنچے گی۔ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق اپنے اس دورہ کے موقع پر ہا لینڈہاکی کلب کی ٹیم وزیراعظم کے یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت منتخب کی گئی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہاکی ٹیم کے خلاف3میچز کھیلے گی۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں تین میچز جبکہ نصیر بندہ سٹیڈیم اسلام آباد میں ایک میچ کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ ہا لینڈہاکی کلب او ایچ سی بلی کا یہ دورہ اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ 22سال کے طویل وقفے کے بعد کوئی یورپی ہاکی کلب کی ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے،اس دورے سے ہاکی کے کھیل کو فروغ اور دوبارہ بحالی میں مدد ملے گی اور مستقبل میں بھی دیگر یورپی ہاکی ٹیمیں ہر سال پاکستان کا دورہ کر یں گی۔

(جاری ہے)

اس دورے کے حوالے سے سابق اولمپیئن خواجہ جنید نے ہفتہ کو یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوستانہ مقابلوں کے لئے پاکستان کے دورہ کی دعوت قبول کرنے پر او ایچ سی بلی کلب کی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ جنید ہاکی کلب نہ صرف گراس روٹ لیول پرٹیلنٹ کو پروان چڑھا کر ہاکی کی بحالی کیلئے پرعزم ہے بلکہ 7سال کے کم عمرکھلاڑیوں میں کوچنگ کے ذریعے ہاکی کا ٹیلنٹ بھی تلا ش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایچ ای سی کی ٹیم کا انتخاب یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت 25000ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز کے بعد کیا گیا۔خواجہ جنید نے مزید کہا کہ یورپ میں سخت سردیوں میں ہاکی کا کھیل کچھ عرصہ کیلئے رک جاتا ہے جس کی وجہ سے یورپی کلبز ہاکی کھیلنے کے لیے سپین جیسے قریبی ممالک کا دورہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موجودہ معتدل موسم کی بدولت یورپی ٹیموں کو پاکستان مدعو کر کے ایونٹ منعقد کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپی ہاکی کلب کا حالیہ دورہ کھیلوں کے ذریعے ملک کی سیاحت کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملکی ثقافتی اور تاریخی ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا نادر موقع ہے۔ او ایچ سی بلی کے کوچ اورسابق ہاکی اولمپیئن فرید احمد نے کہاکہ او ایچ سی بلی ایک صدی پرانا کلب ہے جس کی بنیاد 1935میں رکھی گئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بھرپور ہاکی روایات اور مہمان نوازی کے حوالے سے غیر ملکی نوجوانوں کیلئے یہ ایک کامیاب دورہ ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہاکی کے فروغ کے لیے بیرونی دنیا سے رابطہ کر رہا ہوں اورامید ہے کہ یورپین کلب اور ٹیمیں شاندار موسم اور ہاکی کی روایات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہر سال پاکستان کا دورہ کریں گی۔خواجہ جنید نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد کا یورپی ہاکی کلب کے اس دورے کو ممکن بنانے میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
وقت اشاعت : 17/02/2024 - 15:56:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :