پی ایس ایل 9، لاہور قلندرز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف

صاحبزادہ فرحان کی نصف سنچری ، جہانداد خان کی دھواں دھار بلے بازی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 19 فروری 2024 20:47

پی ایس ایل 9، لاہور قلندرز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 فروری 2024ء ) پی ایس ایل 9 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ برقی قمقموں کے درمیان کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 187 رنز بنائے۔

قلندرز کے اوپنر صاحبزادہ فرحان 62 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر ثابت ہوئے، انہوں نے 43 گیندوں کا سامنا کیا اور 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔ لاہور قلندرز کے جہاں داد خان نے 45 رنز کی ناقابل شکست اور برق رفتار اننگز کھیلی، انہوں نے 17 گیندیں کھیلی اور 4 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ قلندرز کے سکندر رضا نے 18، وین ڈر ڈوسن نے 15، شاہین آفریدی نے 12 اور عبداللّٰہ شفیق نے 11 رنز کی باری کھیلی جبکہ فخر زمان اور کارلوس براتھ ویٹ نے 6، 6 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین اور عقیل حسین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور قلندرز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، لورکان ٹکر اور ڈیوڈ ویساکی جگہ کارلوس براتھویٹ اور سکندر رضا ٹیم میں شامل کیےگئے ہیں۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کھائی تھی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو 16 رنز سے ہرایا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج کے میچ میں کامیابی سمیٹ کر جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے جب کہ لاہور قلندرز پہلے میچ مں شکست کے بعد اپنے دوسرے میچ کو جیتنے کیلئے پورا زور لگائیں گے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وین ڈیر ڈوسن، عبداللہ شفیق، سکندر رضا، سلمان فیاض، کارلوس براتھویٹ، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، زمان خان پر مشتمل ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافے، ریلی روسو (کپتان)، سرفراز احمد، شیرفین ردرفورڈ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد حسنین، محمد عامر، ابرار احمد شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 19/02/2024 - 20:47:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :