شاہد آفریدی اور حساس ادارے کے سابق افسران کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

سابق ٹیسٹ کرکٹر ، حساس ادارے کے سابق افسران، کاروباری افراد سمیت 10سے زائد افراد کیخلاف تعمیراتی منصوبے میں مبینہ فراڈ پر دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 24 فروری 2024 16:07

شاہد آفریدی اور حساس ادارے کے سابق افسران کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 فروری 2024ء ) تعمیراتی منصوبے میں مبینہ فراڈ پر سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد آفریدی ، حساس ادارے کے سابق افسران، کاروباری افراد سمیت 10سے زائد افراد کیخلاف دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ روات میں عابد بن عبدالقدوس نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ شیخ فواد بشیراور دیگر وغیرہ نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر سابق کرکٹر شاہد آفریدی وغیرہ کے ذریعے اشتہار بازی کرکے مجھے ترغیب دی کہ ان کے پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کریں جس پر میں نے دو عدد دکانیں شاپ نمبر17 ،15 واقع میز نائن فلور بک کیں، یہ کہ دکان نمبر 17 کی تمام رقم پلاٹ و نقد رقم مبلغ 55 لاکھ روپے، جبکہ شاپ نمبر 15 کی رقم بصورت دکان و نقد مبلغ 40 لاکھ روپے مذکورہ اشخاص کو بذریعہ کمپنی دی۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کا کہنا تھا کہ میرے علم میں آیا کہ متذ کرہ بالا افراد نے باہم صلاح و مشورہ ہو کر بد دیانتی، فراڈو دھو کہ دہی سے بے وقوف بنایا اور جو ایگریمنٹس میرے ساتھ کئے ان کے اشٹام پیپرز سابقہ تاریخ میں نکالے ہوئے ہیں اور جو رینٹ ایگریمنٹ کیا اس کا اشٹام بھی سابقہ تاریخ میں نکلا ہوا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق کسی ایگریمنٹ میں تحریر کرنے والا شخص شیخ فواد ہے مگر اس کی جگہ دستخط کسی اور نے کئے ہیں، اب موقع پر دکانیں بھی نہیں بنی ہوئی ہیں اور ایک ایک دکان کی الاٹمنٹ کئی کئی لوگوں کو دی ہوئی ہے۔
وقت اشاعت : 24/02/2024 - 16:07:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :