17واں آل پاکستان قائد اعظم ٹرافی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ :تھیبہ کلب ٹنڈو الہیار نے جیت لیا

جمعرات 10 مارچ 2022 21:54

17واں آل پاکستان قائد اعظم ٹرافی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ :تھیبہ کلب ٹنڈو الہیار نے جیت لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2022ء) پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن کی اجازت سے گورنمنٹ ہائی اسکول لال عیسن کروڑ لیہ میں منعقدہ ۔17واں آل پاکستان قائد اعظم ٹرافی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل تھیبہ شوٹنگ بال کلب ٹنڈو الہیار سندھ نے اپنے نام کرلیا ۔3روزہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے معروف 32شوٹنگ بال ٹیموں نے حصہ لیا ۔سیمی فائنل معرکہ میں ایم کے دل شوٹنگ بال کلب بد ین نے مد مقابل العثمان شوٹنگ بال کلب لاہور کو 2-0سے اور تھیبہ کلب ٹنڈو الہیار سندھ نے مد مقابل نیاز کلب سندھ کو 2-1سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی ،جبکہ فائنل میں تھیبہ شوٹنگ بال کلب سندھ نے مد مقابل ایم کے دل شوٹنگ بال کلب بدین سندھ کو دلچسپ اور سنسی خیز مقابلے کے بعد 21-17سے شکست دیکر ٹرافی جیت لیا ،فاتح تھیبہ کلب کی جانب سے غلام عباس جوئیہ ،اعجاز احمد ،مختار تھیبو ،حافظ توقیر ،لالا عبدالغفار ،غلام علی اور سید ثقلین شاہ نے جبکہ رنر اپ ایم کے دل کلب کی جانب سے سید محمد علی شاہ ،سید شیر علی شاہ ،کامران کامی ،عمیر باجوہ اور معظم شاہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے بھر پور داد تحسین وصول کیا۔

(جاری ہے)

فائنل کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی پر وقار تقریب میں مہمان خصوصی سابقہ رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فیض الحسن ،سماجی رہنماء رائو صفدر عباس بھٹی نے فاتح تھیبہ کلب سندھ کے کپتان اعجاز احمد کو ونٹر ٹرافی اور 50ہزار روپے نقد انعام جبکہ رنر اپ ٹرافی اور 30ہزار روپے نقد انعام ایم کے دل کلب بدین کے کپتان سید محمد علی شاہ ۔جبکہ ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کے مظاہرے پر ایم کے دل بدین سندھ کے سید محمد علی شاہ کو ٹرانامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

تقریب میں پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن کے سیکریٹری سید مدد علی شاہ ،نائب صدور عبدالصبور پٹھان ،سید ظفر علی شاہ ،فخر عباس ،رکن اشفاق احمد ،،سیکریٹری پنجاب شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ملک ریاض سامیٹہ ،سیکریٹری سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر جتوئی ،سیکریٹری بلوچستان شوٹنگ بال ایسوسی ایشن عبدالکریم لونی ،سردار عبدالشکور تھبیو،سید شبیر حسین ،شاہ ہدایت اللہ لاشاری ،شفیع میرانی ،وسیم اسلم گجر اور دیگر مہمانان کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں شائقین شوٹنگ بال موجود تھے فائنل میچ کو سنیئر ریفری حاجی اجمل فاروق باوجوہ نے سپروائز کیا۔

مہمان خصوصی سابقہ رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فیض الحسن نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھا کر ایک توانا اور صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جاسکتا ہے کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں امن و محبت اور بھائی چارگی کے فروغ کے لئے ان کا کردار نمایاں ہے انہوںنے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلا یا کہ صحت مند سرگرمیوں خصوصاً شوٹنگ بال کھیل کے فروغ کے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا ۔
وقت اشاعت : 10/03/2022 - 21:54:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :