نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی بھی اپ گریڈ ہوگا، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی

منگل 19 مارچ 2024 14:16

نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی بھی اپ گریڈ ہوگا، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کو اپ گریڈ کرنے کے لئے سٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق منگل کو اپنے دورے کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں فراہم کردہ سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مختلف انکلوژر اور باکس کا بھی معائنہ کیا اور شائقین کرکٹ کے نئے ویو کو بہتر بنانے اور انکلوژر کے حفاظتی جنگلے مزید آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے کہا کہ نشتوں کو بہتر اور آرام دہ ہونا چاہیے، سٹیڈیم کی عمارت کو بہتر اور خوبصورت بنایا جائے، سٹیڈیم کی دیکھ بھال پر مستقل و خصوصی توجہ دی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کا پلان کو جلد حتمی شکل دے کر کام بلا تاخیر شروع کیا جائے ۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر اور مینجر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم نے بریفنگ دی ۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سٹیڈیم کے گراؤنڈ مینز سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے عرصہ دراز سے گراؤنڈ کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کو گلے لگایا اور شاباش دی۔ محسن نقوی نے میچوں کے لیے بہترین پچز تیار کرنے کی ہدایت کی۔
وقت اشاعت : 19/03/2024 - 14:16:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :