ویسٹ انڈیزویمنزسیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

ممکنہ کھلاڑی 2 اپریل سے کراچی میں تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گی

پیر 25 مارچ 2024 15:27

ویسٹ انڈیزویمنزسیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان
لاہور /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) سلیم جعفر کی سربراہی میں خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کے خلاف 18 اپریل سے 3 مئی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔ سیریز میں تین ون ڈے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں اس کے علاوہ پانچ ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔

عائشہ ظفر (29 ون ڈے، 20 ٹی ٹوئنٹی ) گل فیروزہ (2 ون ڈی) رامین شمیم (3 ون ڈے، 4 ٹی ٹوئنٹی) سدرہ نواز (67 ون ڈے، 56 ٹی ٹوئنٹی) اور طوبی حسن (1 ون ڈے، 21 ٹی ٹوئنٹی) یہ وہ کھلاڑی ہیں جن کی واپسی ہوئی ہے۔ عمیمہ سہیل اور شوال ذوالفقار (انجرڈ) جو نیوزی لینڈ کے خلاف سترہ رکنی اسکواڈ کا حصہ تھیں، کیمپ کی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

سلیکشن کمیٹی کپتان اور عبوری ہیڈ کوچ کی مشاورت سے کراچی میں کیمپ کے دوران ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کریگی، ممکنہ کیمپ کی بقیہ پانچ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے ریلیز کردیا جائے گا۔

کیمپ کی کھلاڑی میں عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، بسمہ معروف،ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ،گل فیروزہ منیبہ علی، ناجیہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو،نتالیہ پرویز،ندا ڈار، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال،سدرہ امین،سدرہ نواز ( وکٹ کیپر )، طوبیٰ حسن،ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں ۔پلیئر سپورٹ اسٹاف میں سائرہ افتخار (منیجر) محتشم رشید (عبوری ہیڈ کوچ) سلیم جعفر (بولنگ کوچ ) توفیق عمر (بیٹنگ کوچ) حنیف ملک (فیلڈنگ کوچ) محمد جاوید (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ) سید نذیراحمد (میڈیا مینیجر) رابعہ صدیق (فزیو تھراپسٹ) زبیر احمد (انالسٹ ) اور نادیہ عارف (ماسیوز)جبکہ چیف سلیکٹر سلیم جعفر، سلیکشن کمیٹی نے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سرکٹ میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا ہے۔

عائشہ ظفر، گل فیروزہ، رامین شمیم، سدرہ نواز، اور طوبی حسن کو گزشتہ ڈومیسٹک ایونٹ میں پرفارمنس کے بعد ممکنہ کیمپ میں شامل کیا گیا ہے، کیونکہ ہمارا مقصد اپنی کھلاڑیوں کے پول کو وسیع کرنا ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والی سیریز جس میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز شامل ہیں، انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ہم آئی سی سی ویمنز 50 اوور ورلڈ کپ میں براہ راست اہلیت کے لیے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں۔

20 رکنی اسکواڈ یکم اپریل کو کراچی میں جمع ہوگا اور 2 اپریل سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں کراچی میں سات روزہ کیمپ شروع ہو گا۔ اسکواڈ کے ارکان اور ٹیم انتظامیہ عید کے لیے 9 اپریل کو اپنے آبائی شہر واپس جائیں گے اور اسکواڈ 13 اپریل کو دوبارہ کراچی میں جمع ہوگا۔
وقت اشاعت : 25/03/2024 - 15:27:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :