پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ 18 اپریل کو کھیلا جائے گا

منگل 16 اپریل 2024 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ (کل)18 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورہ پر ہے اور وہ میزبان پاکستان ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 اپریل کو ،دوسرا میچ 20 اپریل ، تیسرا میچ 21 اپریل ،چوتھا میچ 25 اپریل کو جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 27 اپریل کو کھیلا جائے گا۔پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ چوتھا اور پانچواں ٹی ٹونٹی میچ قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ نیوزی لینڈ کو مایہ ناز بیٹنگ آل رائونڈر مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے میچوں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی سیریز کے ابتدائی میچ سے قبل ٹریننگ میں مصروف ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاری کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا ٹریننگ سیشن راولپنڈی میں بارش کے سبب منسوخ کر دیا گیا تھا۔قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کا پریکٹس سیشن پیر کو شام 7 بجے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ترتیب تھا تاہم جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے پیر کو بھی آرام کیا، بلیک کیپس کی ٹیم انتظامیہ نے ہوٹل میں میٹنگ کی جس میں پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے حوالے سے حکمت عملی بنائی گئی۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ 18 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 16/04/2024 - 13:40:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :