نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے پہلے دن کراچی، لاہور اور کوئٹہ کی کامیابی

عائشہ ظفر کی ناقابل شکست سنچری، رامین شمیم کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی

بدھ 17 اپریل 2024 18:42

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے پہلے دن کراچی، لاہور اور کوئٹہ نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔اقبال اسٹیڈیم میں کراچی نے ملتان کو چھ وکٹوں سے ہرادیا۔ ملتان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 36.3 اوورز میں 116 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ گل فیروزہ 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ کراچی کی طرف سے معصومہ زہرہ، ایمن انور اور عروب شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی نے کپتان عمیمہ سہیل کے آٹھ چوکوں کی مدد سے بنائے گئی49 رنز کی بدولت مطلوبہ اسکور 24 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ عمیمہ سہیل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔بوہڑن والی گراؤنڈ میں لاہور نے پشاور کو سات وکٹوں سے شکست دیدی۔پشاور کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 32.5 اوورز میں 166 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

(جاری ہے)

اوپنر عائشہ ظفر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سولہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں رہیں۔

عائشہ بلال نے 33 رنز دے کر 4 اور انعم امین نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔لاہور نے 31 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔دعا ماجد 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ کائنات حفیظ نے 61 رنز اسکور کیے۔ عائشہ ظفر پلیئر آف دی میچ رہیں۔جواد کلب کرکٹ گراؤنڈ میں کوئٹہ نے راولپنڈی کو دو وکٹوں سے شکست دیدی۔راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43 اوورز میں صرف 80 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ماہم انیس 25 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ رامین شمیم نے 16 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔کوئٹہ نے 37ویں اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ رامین شمیم نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔تانیہ سعید نے 11 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔رامین شمیم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 17/04/2024 - 18:42:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :