نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ، بابر اعظم

بدھ 17 اپریل 2024 23:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ، ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ہمارے پاس 12 میچ ہیں ، کوشش کریں گے ان میچوں کے دوران اپنی تیاریاں مکمل کر لیں ، گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے ہر میچ میں بیٹنگ اور باؤلنگ میں الگ کمبینیشن نظر آئے گا ، ہماری بیٹنگ لائن بہت مضبوط ہے اور آٹھویں ، نویں نمبر تک جائے گی ، انہوں نے کہا ٹیم میں تمام کھلاڑی کارکردگی کی بنیاد پر آتے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کے آنے کی ہم سینئرز کو بہت خوشی ہوتی ہے اور کوشش ہوتی ہے جو ہم نے سیکھا ہے نئے کھلاڑیوں کو بھی سکھائیں، انہوں نے کہا ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور میرے لیے ان میں سے پلیئنگ الیون کا انتخاب کافی مشکل ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کی سیریز میں بہت سی چیزیں کلیئر ہو جائیں گے، بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہمارے پاس 12 میچز ہیں اور تمام میچوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے ، کپتان نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے والے کھلاڑی بھی ٹی 20 ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت سی چیزوں کو تبدیل کیا ہے اور اپنے کھیل میں مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے ، انہوں نے کہا سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزادی دیں گے تاکہ جس طرح پی ایس ایل میں پرفارم کیا ویسا ہی کھیلیں ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ جو بھی کردار ملے اس میں سو فیصد کارکردگی دکھاؤں، نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمیں سیریز میں مختلف پوائنٹس پر چیلنج کرے گی جو پاکستان ٹیم کے لیے اچھا ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ میں ٹیم میں یوتھ اور تجربے کے امتزاج کو دیکھتے ہوئے کپتان کی حیثیت سے بہت پرجوش ہوں ، بابر اعظم نے مزید کہا ہر انسان غلطیاں کرتا ہے مگر کوشش ہوتی ہے کہ غلطیوں سے سیکھیں ۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے سیریز چیلنجنگ ہو گی ، پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر بہت مضبوط ہوتی ہے ، ہم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے ، انہوں نے کہا کہ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے ، ہم ایک ٹیم کے طور پر تفریحی کرکٹ کھیلنے اور کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا ہے اور ہمارے اسکواڈ میں شامل زیادہ تر کھلاڑی ٹی 20 کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں ، مائیکل بریسویل نے کہا پاکستان آکر بہت اچھا لگا، اس سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں ، واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی 20 میچ (کل) بروز جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔

وقت اشاعت : 17/04/2024 - 23:20:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :