پہلا ویمنز ون ڈے، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 113 رنز سے ہرادیا

کپتان ہیلی میتھیوز کی کریئر بیسٹ سنچری اور تین وکٹوں کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی

جمعرات 18 اپریل 2024 21:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے کپتان ہیلی میتھیوز کی کریئر بیسٹ سنچری اور تین وکٹوں کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمنز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 113 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی،ہیلی میتھیوز اس عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

جمعرات کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر269 رنز بنائے۔پاکستان ویمنز ٹیم جواب میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز ویمنز کی اننگز میں ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں102 رنز کا اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

شیمین کیمبل چار چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر لیگ اسپنر طوبٰی حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔

ہیلی میتھیوز نے 150گیندوں پر140 رنز کی ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچویں اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری ہے اس سے قبل انہوں نے 2021 میں انٹیگا میں سنچری اسکور کی تھی۔ پاکستان ویمنز کی طرف سیلیفٹ آرم اسپنر سعدیہ اقبال 38 رنز کے عوض دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہیں۔ لیگ اسپنر طوبی حسن نے بھی دو وکٹیں 48 رنز دے کر حاصل کیں۔ پاکستان ویمنز کی اننگز میں طوبٰی حسن 25 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ہیلی میتھیوز نے 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل اتوار کو کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 18/04/2024 - 21:53:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :