کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے پلان لارہے ہیں،صوبائی وزیر کھیل و یوتھ افیئرز فیصل ایوب کھوکھر

بدھ 24 اپریل 2024 19:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) صوبائی وزیر کھیل و یوتھ افیئرز فیصل ایوب کھوکھرنے کہا ہے کہ کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے پلان لارہے ہیں،پنجاب لیگ کی بنیاد پر دیہہ، یونین کونسل،تحصیل، ضلع، ڈویژن، صوبائی، قومی اور عالمی سطح پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی تیار کریں گے،کھیلوں کی تمام سہولیات کو بحال کیا جائیگا، افسران کو سہولیات فراہم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ فیصل آباد کے دوران میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سپورٹس کے شعبہ میں دہائیوں سے سیاسی مداخلت کی بناپر غفلت کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے کھیل تنزلی کا شکار ہوئے، ماضی میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ، ہاکی، سکواش اور سنوکر کے کھیل میں عالمی سطح کے کھلاڑی پاکستان میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

عزت و احترام اور سہولیات نہ ملنے پر عالمی معیار کے کھلاڑی تیار ہونا بند ہوگئے جس سے کھیل تنزلی کا شکار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل سے عالمی سطح پر کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے کھلاڑی تیار کرنے کیلئے پنجاب حکومت پلان لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پلان تیار کررہے ہیں جس کے تحت پنجاب لیگ منعقد کروائی جا ئے گی جس کا آغاز یونین کونسل سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں 16کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔یونین کونسل کے لیول سے ٹرائل، سلیکشن اور سکروٹنی کی جائیگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے زیر انتظام کھیلوں کی تمام سہولیات بحال کی جائیں گی۔ پانی، بجلی، گراؤنڈ، فیلڈ، آوٹ ڈور، انڈور ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسامیکنزم لائیں گے جس کے تحت میرے نہ ہونے پر بھی سہولیات بحال رہیں گی۔بجلی، پانی سمیت تمام محکموں سے معاملات طے کئے جائیں گے۔ سہولیات کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈویژن اور ڈسٹرکٹ لیول کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ کھیلوں کی بحالی و فروغ کیلئے کسی بھی قسم کا مسئلہ ہو تو آفیشلی آگاہ کریں،بذات خود دیکھوں گا۔ انہوں نے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حلف اٹھانے سے اب تک ادارے کے مسائل کی نشاندہی کی ہے جنہیں مرحلہ وار حل کررہے ہیں۔رمضان شریف میں ملازمین کے 6ماہ کے بقایا جات ادا کئے ہیں۔

ضلع اور تحصیل کی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی رپورٹ طلب کی تاکہ جامع پلان مرتب کرکے فراہمی کے اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ صوبائی وزیر نے اس سے قبل فیصل آباد میں ہاکی سٹیڈیم، کرکٹ سٹیڈیم، نواز شریف سپورٹس کمپلیکس، الفتح سپورٹس کمپلیکس، ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس اور دیگر کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ، ڈویژن و ضلع کے تمام سپورٹس افسران اور عملہ سے میٹنگ کی اور تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ لی۔انہوں نے بعض مقامات پر سہولیات کی فوری فراہمی اور بحالی کے احکامات جاری کئے۔
وقت اشاعت : 24/04/2024 - 19:03:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :