پہلے میچ میں آئرلینڈ سے شکست، چیئرمین پی سی بی کی کپتان اور کوچ سے ملاقات، بریفنگ بھی لی

اتوار 12 مئی 2024 10:45

پہلے میچ میں آئرلینڈ سے شکست، چیئرمین پی سی بی کی کپتان اور کوچ سے ملاقات، بریفنگ بھی لی
ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور قائم مقام کوچ اظہر محمود سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن پہنے ہیں جہاں چیئرمین پی سی بی نے بابر اعظم اور کوچ اظہر محمود سے تفصیلی بریفنگ لی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مختصر دورے پر آئرلینڈ پہنچے ہیں، وہ دو روز آئرلینڈ میں قیام کریں گے، وہ آئرش کرکٹ بورڈ کے حکام اور آئرش حکومت کے عہدیداران سے ملیں گے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی 14 مئی کو پاکستان واپسی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈبلن میں پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان آئرلینڈ نے مہمان پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دی تھی، ڈبلن میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں آئر لینڈ نے 183 کا ہدف 20 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، آئرلینڈ کی جانب سے اینڈی بلبرنی 77 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہیری ٹیکٹر 36، جورج ڈوکریل 24، کپتان پال اسٹرلنگ 8 اور لورکن ٹکر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کرٹس کیمفر 15 اور گیریتھ ڈیلنے 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے، پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل آئرلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 57، صائم ایوب 45، فخر زمان 20، محمد رضوان 1 جبکہ اعظم خان اور شاداب خان 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد 37 اور شاہین شاہ آفریدی 14 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے، آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے 2 جبکہ گیریتھ ڈیلنے اور مارک اڈیئر نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 12/05/2024 - 10:45:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :