بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹی ٹونٹی میں پارٹنرشپ کے نئے ریکارڈ بنا دیئے

انٹرنیشنل ٹی20 میں 10 سنچری پارٹنر شپس کرنے والی پہلی جوڑی بن گئے، دونوں کھلاڑی شراکت داری میں 3 ہزار رنز بنانے والی پہلی جوڑی بھی بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 15 مئی 2024 11:31

بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹی ٹونٹی میں پارٹنرشپ کے نئے ریکارڈ بنا دیئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 مئی 2024ء ) ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی کے دوران پاکستان کے وائٹ بال کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ بابر اور رضوان کو T20Is کی عظیم ترین بیٹنگ جوڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور جوڑی کے طور پر انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھا اور 3000 پارٹنرشپ رنز بنانے والی پہلی جوڑی بن گئی۔

وہ 10 سنچری سٹینڈز رکھنے والی پہلی بیٹنگ جوڑی بھی بن گئے۔ ان کے قریب ترین ہندوستانی جوڑی روہت شرما اور کے ایل راہول کی 5 سنچریوں کی شراکت داری ہے۔ یہ ٹی20 انٹرنیشنلز میں بابر اعظم کی 17 ویں سنچری پارٹنرشپ تھی، وہ سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری پارٹنرشپ کرنے والے کھلاڑی ہیں، محمد رضوان نے 13 ویں مرتبہ سنچری پارٹنرشپ میں حصہ داری نبھائی ہے۔

(جاری ہے)

اس میچ میں 75 رنز کی انفرادی اننگز کے ساتھ بابر اعظم نے سب سے زیادہ 50 رنز سے زیادہ کی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، یہ بابر اعظم کا 39 واں ففٹی پلس اسکور ہے، بھارت کے ویرات کوہلی نے 38 ففٹی پلس اسکور بنائے ہیں۔ آج کھیلے جانے والے میچ کے 14ویں اوور میں بابر اعظم نے بین وائٹ کو چار چھکے لگاتے ہوئے ایک اوور میں 25 رنز بنائے، یہ ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک اوور میں کسی پاکستانی بیٹرکا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ ان سے قبل عامر جمال، خوشدل شاہ، آصف علی اور محمد رضوان اوور میں 24 رنز بناچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 15/05/2024 - 11:31:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :