صوبائی حکومتیں گراس روٹ لیول پر فٹ بال کی ترقی وفروغ کیلئے ضلعی سطح پر ٹورنامنٹس منعقد کروائیں،پی ایف ایف سابق رکن کرنل (ر)محمدنعمان

بدھ 15 مئی 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن (ویسٹ) کراچی کے صدر جلال خان آفریدی نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق رکن اور مالاکنڈ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ محمد نعمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سوات افراسیاب خان کے علاوہ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن (ویسٹ) کراچی کے صدر جلال خان آفریدی، سینئر وائس چیئرمین محمد یوسف، آصف خان اور شہزاد ملک، کے پی کے پولیس کے کوچ محمد جمیل خان تھانہ اور ماجد گل خان چار باغ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق رکن اور مالاکنڈ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ محمد نعمان نے بتایا کہ ملاقات میں ملک میں فٹ بال کی موجودہ صورت حال، ضلعی فٹ بال ایسوسی ایشنز کے انتخابات اور فٹ بال کی ترقی کے حوالے آئندہ کے لائحہ عمل تیار کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

کرنل ریٹائرڈ محمد نعمان نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی سب سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلے اور ضلعی فٹ بال ایسوسی ایشنز کےانتخابات کے حوالے سے سب کی شکایات کو دور کرے تاکہ ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے کوئی رکاوٹ نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر فٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، اس کو بروئے کار لانے کے لئے صوبائی حکومتیں ضلعی سطح پر خود ٹورنامنٹس منعقد کروانے کے اعلان کریں۔ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان قومی فٹ بال ٹیم کرنل (ر)نعمان نے کہاکہ تعلیمی ادارے ملک میں گراس روٹ سطح پر فٹ بال کے فروغ کیلئے نرسری کا کردار ادا کر سکتے ہیں ،صرف تعلیمی اداروں کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ، پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ ملک میں دوسرے کھیل بھی ترقی کر سکیں۔ آخر میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق رکن اور مالاکنڈ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدرکرنل ریٹائرڈ محمد نعمان اور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن (ویسٹ) کراچی کے صدر جلال خان آفریدی سمیت دیگر ارکان نے سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سوات افراسیاب خان کا میزبانی کے فرائض انجام دینے پر شکریہ ادا کیا۔
وقت اشاعت : 15/05/2024 - 21:00:17