سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کی میزبانی کرے گی

جمعرات 16 مئی 2024 18:00

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ جون میں ویسٹ انڈیز کی تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گی۔ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز سے سری لنکا کو ایشیا کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی جبکہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔ ایشیا کپ رواں سال 20 جولائی سے سری لنکا میں منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

مارچ اور اپریل میں جنوبی افریقہ کے کامیاب دورے کے بعد سری لنکا کی رواں سال کی دوسری دوطرفہ ٹی ٹونٹی سیریز ہوگی جبکہ اگست میں اسے آئرلینڈ کا دورہ بھی کرنا ہے۔ اسی طرح ویسٹ انڈین ٹیم نے حال ہی میں ایک ماہ کا کامیاب دورہ پاکستان کیا جہاں اس نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز اپنے نام کی۔ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز 15 سے 21 جون کے دوران گال میں کھیلی جائے گی جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز 24 سے 28 جون تک ہمبنٹوٹا میں ہونی ہے۔
وقت اشاعت : 16/05/2024 - 18:00:09