پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کراچی ایسوسی ایشن کے عہدداران معطل

متعدد پلیئرز پر پابندی عائد، ضابطہ اخلاق پر کوی سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ

پیر 20 مئی 2024 15:13

پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کراچی ایسوسی ایشن کے عہدداران معطل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں اور غیر مناسب رویہ اختیار کرنے پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سمیت دیگر آفیشلز اور پلیئرز کیخلاف ایکشن لیتے ہوے معطل کردیا جبکہ فیڈریشن نے ڈسپلن کے معاملے پر کوی سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر)افتخار منصور کی صدارت میں ہواجس میں جنرل کونسل ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیڈریشن نے ڈسپلن کو برقرار رکھنے کیلئے کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان کی جانب سے اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنے اور نامناسب رویہ اختیار کرنے پر عہدے سے معطل کرتے ہوئے سینئر نائب صدر محمد یعقوب کو عبوری صدر بنانے کی منظوری دی گئی جبکہ 20 ر وز کے اندر ایک کمیٹی کراچی کے باسکٹ بال کلبوں کی سکروٹنی بھی کریگی تاکہ نوے روز میں کراچی اور سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات کروائے جا سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے دو عہدیداروں ظفر اقبال اور زین العابدین پر کوئٹہ میں منعقدہ انٹر ڈویژنل باسکٹ بال چمپیئن شپ گریڈ بی کے دوران گالم گلوچ اور بد تمیزی کی بنا پر تین سال کی پابندی اور جرمانہ عائد کیاجبکہ خانیوال سے تعلق رکھنے والے عثمان پراچہ پر فیڈریشن کی جھوٹی نمائندگی متعدد بیضابطگیوں کی بنا پر پابندی عائد کی گئی۔ اجلاس میں میپکو، لیسکو، راولپنڈی، پی اوایف واہ کے کھلاڑیوں پر مختلف ایونٹس میں غیر قانونی نمائندگی اور غیر مناسب رویہ اختیار کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ جنرل کونسل اجلاس میں سائوتھ ایشین گیمز کے پیش نظر کھلاڑیوں، کوچوں، ریفریز اور کے لئے مختلف پروگرامز اور آندہ کی سرگرمیوں کے کیلنڈر کو حتمی شکل دی گئی۔
وقت اشاعت : 20/05/2024 - 15:13:27