شعیب ملک کے بعد مزید دو مینٹورز پی سی بی سے الگ

سابق کپتان سرفراز احمد اور مصباح الحق نیشنل کرکٹ اکیڈمی کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں

بدھ 9 جولائی 2025 17:14

شعیب ملک کے بعد مزید دو مینٹورز پی سی بی سے الگ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) آل رائونڈر شعیب ملک کے بعد پی سی سی کے ساتھ وابستہ مزید دو مینٹورز ثقلین مشتاق اور وقار یونس بورڈ سے الگ ہوگئے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد اور مصباح الحق نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی اور جنرل منیجر ڈومیسٹک جنید ضیا نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں گزشتہ روز پریس کانفرنس کی۔

ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ نے کہا کہ 15رکنی کمیٹی نے 2ماہ تک مسلسل مشاورت کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کا شیڈول اور نظام تشکیل دیا، اس میں تمام ریجنل صدور کو شامل کیا گیا، تجاویز کی روشنی میں اہم فیصلے کیے گئے، تمام اسٹیک ہولڈرز نے متفقہ طور پر اتفاق کیا کہ قائداعظم ٹرافی میں 6 ٹاپ ٹیمیں شامل رہیں گی جبکہ 2ٹیمیں حنیف محمد ٹرافی سے کوالیفائی کرکے جگہ بنائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمپیئنز کپ کے اختتام اور قائد اعظم ٹرافی میں 18سے 8 ٹیمیں کرنے والے پی سی بی عہدیداروں نے مضحکہ خیز دعوی کیا کہ موجودہ ڈومیسٹک اسٹرکچر میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہوئی، پرانے نظام کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔عبداللہ نے کہا کہ مثبت پیش رفت یہ ہے کہ آئندہ سیزن سے ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ دیے جائیں گے، اس کا مقصد نچلی سطح پر کرکٹ کو مزید مضبوط بنانا اور کھلاڑیوں کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کا کہنا تھا کہ کراچی بڑا نام ہے اور موجودہ سیزن میں اس کے پاس یہ موقع ہوگا کہ دونوں ٹیمیں قائداعظم ٹرافی میں جگہ بنا لیں۔
وقت اشاعت : 09/07/2025 - 17:14:37