پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش اے کو 79 رنز سے شکست دے دی

جمعرات 14 اگست 2025 20:10

ڈارون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش اے کو 79 رنز سے شکست دے دی۔ یاسر خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کو ڈارون میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ خواجہ نافع اور یاسر خان نے 118 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

یاسر خان نے 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جبکہ خواجہ نافع نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 61 رنز اسکور کیے۔ مڈل آرڈر میں عبدالصمد نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے محض 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 56 رنز بنائے۔ کپتان محمد عرفان خان نے بھی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 25 رنز بنائے جن میں ایک چوکا اور 3 چھکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

محمد فائق نے آخر میں 18 رنز کا اضافہ کیا۔ جواب میں بنگلہ دیش اے کی پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بنگلہ دیش اے کا ہدف کے تعاقب میں آغاز اچھا نہ تھا اور پہلی وکٹ صرف 6 رنز پر گر گئی۔ سیف حسن اور جیشان عالم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا۔ جیشان عالم 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سیف حسن نے 57 رنز اننگز کھیلی کی، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پوری ٹیم دباؤ میں آ گئی اور آخری 9 وکٹیں صرف 56 رنز کے اضافے سے گر گئیں۔ پاکستان شاہینز کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ فیصل اکرم اور سعد مسعود نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد وسیم جونیئر نے دو شکار کیے۔ پاکستان شاہینز اب اپنا اگلا میچ 16 اگست کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 14/08/2025 - 20:10:03