آسٹریلیا کے مایہ ناز آل رائونڈرگلین میکسویل کی ون ڈے کرکٹ میں واپسی، وکٹوریا کے لیے کھیلنے کو تیار

منگل 16 ستمبر 2025 12:39

آسٹریلیا کے مایہ ناز آل رائونڈرگلین میکسویل کی ون ڈے کرکٹ میں واپسی، وکٹوریا کے لیے کھیلنے کو تیار
کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) آسٹریلیا کے تجربہ کار آل راؤنڈر گلین میکسویل نے اگرچہ رواں سال ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، تاہم وہ ڈین جونز ٹرافی کے ابتدائی دو میچوں میں وکٹوریا کی نمائندگی کریں گے۔ ان میچز کا مقصد آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے تیاری کرنا ہے۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کے مطابق 36 سالہ میکسویل کو وکٹوریا کے 14 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو آئندہ بدھ کو کوئنزلینڈ اور جمعہ کو تسمانیہ کے خلاف ایلن بارڈر فیلڈ، برسبین میں میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔یہ میکسویل کا مارچ 2022 کے بعد وکٹوریا کے لیے صرف دوسرا لسٹ اے میچ ہو گا۔میکسویل کے ہمراہ آسٹریلوی ٹی20 سکواڈ کے رکن میٹ شارٹ بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گے، جو جولائی میں امریکہ میں ہونے والی میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کے بعد کسی بھی فارمیٹ میں پہلی بار کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

وہ انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔وکٹوریا کے کپتان ول سدرلینڈ صرف پہلا میچ کھیلیں گے، جس کے بعد وہ آسٹریلیا اے سکواڈ کے ساتھ بھارت روانہ ہو جائیں گے۔ دوسرے میچ میں ٹیم کی قیادت پیٹر ہینڈسکومب کریں گے۔ڈین جونز ٹرافی ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو میچز کے لئے اعلان کردہ وکٹوریا سکواڈ میں ول سدرلینڈ (کپتان میچ 1)، پیٹر ہینڈسکومب (کپتان میچ 2)، گلین میکسویل، میٹ شارٹ، مارکس ہیرس، سیم ایلیٹ، ہیری ڈکسن، بلیک میکڈونلڈ، کیلم سٹو، کیم میکلیور، ڈیوڈ موڈی، مچ پیری، سیم ہارپر اور ٹام راجرز شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 16/09/2025 - 12:39:50