پنجاب اسٹیڈیم میں جشنِ آزادی کبڈی میچ، پنجاب وائٹ نے پنجاب گرین کو ہرادیا

جمعرات 13 اگست 2026 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) پنجاب اسٹیڈیم میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں کبڈی کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب وائٹ اور پنجاب گرین کی ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا۔ پنجاب وائٹ نے پنجاب گرین کو 30 کے مقابلے میں 31 پوائنٹس سے شکست دے کر میچ اپنے نام کر لیا۔تقریب میں صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے خصوصی شرکت کی اور اسپورٹس اکیڈمیز کے جشنِ آزادی کے سلسلے میں ہونے والے مختلف مقابلوں کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر کھیل نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا ویژن ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنایا جائے، پنجاب کی نرسری سے عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کیے جا رہے ہیں، جبکہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جدید انفراسٹرکچر اور اسپورٹس اکیڈمیز کا قیام یقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی اسپورٹس اکیڈمیز میں تین ہزار سے زائد بچے مفت تربیت حاصل کر اور عام آدمی کے بچوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹیلنٹ کو بھرپور انداز میں سامنے لایا جا سکے۔صوبائی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب کی پوری ٹیم بھرپور محنت کر رہی ہے اور خواہش ہے کہ دوسرے صوبے بھی پنجاب کی تقلید کریں، نوجوان کھلاڑی مستقبل میں اولمپکس اور عالمی مقابلوں میں پاکستان کا پرچم بلند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات نوجوان نسل میں حب الوطنی، اتحاد اور قومی یکجہتی کے فروغ کا ذریعہ ہیں، ایسی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ مثبت اور صحت مند معاشرے کی تشکیل بھی ممکن ہے۔تقریب میں سیکرٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمان اور ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سمیت دیگر افسران اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 13/08/2026 - 21:30:05