’ایکشن لیں گے، انکوائری کا سامنا کرنا ہوگا‘، امام الحق کی انجری پر عاقب جاوید برہم

استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں، نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے : ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 2 ستمبر 2026 11:59

’ایکشن لیں گے، انکوائری کا سامنا کرنا ہوگا‘، امام الحق کی انجری پر عاقب جاوید برہم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 ستمبر 2026ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور رکن سیلکشن کمیٹی عاقب جاوید نے لارڈز ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بیٹنگ نہ کرنے پر قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی اور انکوائری کا عندیہ دے دیا۔ 
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امام الحق کی انجری ان کے لیے بڑا سوالیہ نشان اور گہری مایوسی کا باعث ہے، ماضی میں کھلاڑی انجری کے باوجود میدان میں اترنے کی کوشش کرتے تھے۔

 
ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ امام الحق نے انجری کا ڈراما کیا، تاہم پٹھے میں کھنچاؤ ایسی وجہ نہیں ہوسکتی کہ کھلاڑی مکمل طور پر دونوں اننگز میں بیٹنگ ہی نہ کرے۔

(جاری ہے)

 
عاقب جاوید نے کہا کہ امام الحق کو کوشش کرنی چاہیے تھی اور مقابلہ کرنا چاہیے تھا، اس معاملے پر ایکشن لیا جائے گا اور امام الحق کو انکوائری کا سامنا کرنا ہوگا۔

 
قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر بلے بازامام الحق لارڈز ٹیسٹ کے دوران بائیں پنڈلی میں معمولی نوعیت کے کھنچاؤ کا شکار ہوئے تھے۔ 
واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل سے چند منٹ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ امام الحق کی بائیں پنڈلی میں انجری ہوئی ہے اور ٹیسٹ کے بقیہ میچ میں ان کی شرکت طبی رائے سے مشروط ہوگی۔

 
امام الحق نے اس کے بعد ٹیسٹ کے اگلے دو روز میں بیٹنگ نہیں کی، تاہم چوتھے روز صبح وہ دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ وارم اپ کرتے دکھائی دیے۔ 
اس صورتحال پر سابق انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے بھی تنقید کرتے ہوئے اسے محض دکھاوا قرار دیا تھا جب کہ ڈیوڈ وارنر نے بھی سوشل میڈیا پر امام الحق کی انجری پر سوال اٹھائے تھے۔
وقت اشاعت : 02/09/2026 - 11:59:41