پاکستان ، انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے ابوظہبی میں شروع ہوگا

پیر 12 اکتوبر 2015 23:44

پاکستان ، انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے ابوظہبی میں شروع ہوگا

ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار13اکتوبر۔2015ء )پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے ابوظہبی میں شروع ہوگا ،میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11بجے شروع ہوگا، اس ٹیسٹ سے پہلے ہی پاکستان کو ایک دھچکہ لگا ہے اور لیگ سپنر یاسر شاہ پریکٹس سیشن کے دوران کمر کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کی انگلینڈ کے خلاف اس ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق انگلینڈ کے لئے خوف کی علامت بننے والے یاسر شاہ ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے قبل ہی انجری کا شکار ہوگئے ہیں اور انہیں ان کے ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق یاسر شاہ نیٹ میں پریکٹس سیشن کے دوران اپنے گر آزما رہے تھے کہ اچانک ان کی کمر میں جھٹکا آیا جس کے بعد کمر میں شدید درد محسوس کرنے کے باعث وہ واپس پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم لیگ سپنر یاسر شاہ اور ذولفقار بابر پر ہی تکیہ کئے ہوئے ہے۔ دوسری جانب قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ یاسر شاہ کو پہلے ٹیسٹ میں کھلانے یا نہ کھلانے کا فیصلہ میچ سے قبل ہی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ابوظہبی کے شیخ زید انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 12/10/2015 - 23:44:41