حکومت پنجاب میرے علاج کیلئے بہترسہولتیں مہیا کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے ‘محمد قاسم

منگل 3 اکتوبر 2006 14:46

کھڈیاں خاص (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03اکتوبر2006) قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر محمد قاسم نے کہا ہے کہ میں نے انٹر نیشنل ہاکی کا آغاز 1998ء میں کیا اور 2004ء تک مسلسل انٹر نیشنل ہاکی کھیلی اس دوران میں نے 170انٹر نیشنل میچز کھیلے جبکہ اپنا آخری میچ انڈیا کے خلاف کھیلا ۔ این این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے انٹر نیشنل کیرئیر کے دوران 2ورلڈ کپ ‘ایک اولمپک ‘2ایشین گیمز اور متعدد بار چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹس میں بھی شرکت کی جبکہ 2001ء میں روٹر ڈیم (ہالینڈ ) میں ہونے والی چمپئن ٹرافی میں مجھے بیسٹ گول کیپر کا اعزاز بھی ملا ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں کافی عرصہ قبل پاک بھارت میچ کے دوران وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے مجھے کینسر کے اعلاج کیلئے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا جو کہ مجھے آج تک نہیں ملے اور اسوقت میں اپنا علاج اپنی جیب سے کروا رہا ہوں تقریبا روزانہ ایک ہزار کی دوائی اور انجکشن مجھے استعمال کرنے پڑھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

میری حکومت پنجاب اور کھیلوں کے وزیر سے درخواست ہے کہ وہ مجھے علاج کی بہتر سہولتیں مہیا کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے ۔

گوجرہ سے تعلق رکھنے والے قومی ہاکی ٹیم کے معروف فارورڈ طارق عزیز پر انٹر نیشنل ہاکی کھیلنے کی پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے محمد قاسم نے کہا کہ اب طارق عزیز کو اپنے جذبات پر قابو پا کر انٹر نیشنل ہاکی کھیلنی ہو گی مگر میں یہ بھی تسلیم کرتا ہوں کہ میچ کے دوران ایک فارورڈ کھلاڑی کا جوش و جذبے میں آنا فطر ی بات ہے لیکن طارق جیسے باصلاحیت کھلاڑی کو اب ہر انٹر نیشنل میچ سوچ سمجھ کر کھیلنا ہو گا۔ ویسے ڈومیسٹک ہاکی میں اس نے اپنی پرفارمنس سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ سپر فٹ ہیں اور انٹر نیشنل ہاکی میں ان کی واپسی بہتر انداز سے ہو گی۔
وقت اشاعت : 03/10/2006 - 14:46:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :