آئی سی سی کا آئندہ ماہ ہونے والا اجلاس پاکستان کے لئے خاصی اہمیت اختیار کر گیا

پی ایس ایل فائنل دیکھنے والے سکیورٹی ماہرین اپنی رپورٹ پیش کریں گے ،انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ، ورلڈ الیون کی آمد پر فیصلوں کا امکان

جمعہ 10 مارچ 2017 15:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2017ء) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا آئندہ ماہ ہونے والا اجلاس پاکستان کے لئے خاصی اہمیت اختیار کر گیا ، اجلاس میں پی ایس ایل فائنل دیکھنے والے سکیورٹی ماہرین اپنی رپورٹ پیش کریں گے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور ورلڈ الیون کی آمد پر فیصلوں کا بھی امکان ہے۔آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کے مشورے پر پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لئے آئی سی سی کے سکیورٹی ماہرین کے ساتھ انگلینڈ، آسٹریلیا،سری لنکا، بنگلہ دیش اورزمبابوے بورڈ کے عہدیدار بھی پاکستان آئے تھے ۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق کونسل کے اپریل میں ہونے والے اجلاس میں فائنل دیکھنے والے ماہرین کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا اور پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لئے قائم ٹاسک فورس کی سفارشات پر مزید گفتگو کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 22 سے 29 ستمبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ورلڈ الیون کے مجوزہ ٹور پر پیشرفت کا روشن امکان ہے۔ آزادی کپ کے نام سے ورلڈ الیون کے پاکستان میں چار ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے انعقاد پر بھی فیصلہ ہوسکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق آئی سی سی کے سکیورٹی منیجر شان نورس نے لاہور میں ہونے والے فائنل مقابلے میں شرکت کی۔ آئی سی سی بورڈ کا اگلا اجلاس 23 سے 27 اپریل تک شیڈول ہے جس میں سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات بورڈ اراکین کو فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق دیگر کرکٹ بورڈز کے سکیورٹیمنیجرز بھی آئی سی سی کے اجلاس میں پی ایس ایل فائنل پر اپنی رپورٹس جمع کرائیں گے۔ انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق پی سی بی رواں سال پاکستان میں دوطرفہ سیریز کے انعقاد کیلئے سری لنکن اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈز کے رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں حتمی فیصلے کیلئے آئندہ ماہ آئی سی سی کا اجلاس انتہائی اہم ہے۔
وقت اشاعت : 10/03/2017 - 15:28:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :