پانامہ لیکس سے محمد نواز شریف کا کوئی تعلق نہیں ہے،انجینئر امیر مقام

کیس کے حوالے سے عدالت کا جو بھی فیصلہ ہو گا تسلیم کیا جائیگا،وزیراعظم کی خواہش ہے فاٹا کے عوا م کے محرمیوں کا ازالہ ہو ، عوام کو صوبے کے دیگر عوام کی طرح سہولیات میسر ہو ں، مشیر وزیراعظم

پیر 13 فروری 2017 16:07

پانامہ لیکس سے محمد نواز شریف کا کوئی تعلق نہیں ہے،انجینئر امیر مقام
چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2017ء) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملہ سے میاں محمد نواز شریف کا کوئی تعلق نہیں ہے،پانامہ کیس کے حوالے سے عدالت کا جو بھی فیصلہ ہو گا تسلیم کیا جائیگا،وزیراعظم کی خواہش ہے کہ فاٹا کے عوا م کے محرمیوں کا ازالہ ہو او رفاٹا کے عوام کو صوبے کے دیگر عوام کی طرح سہولیات میسر ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے بانی کارکن طاہر خان عمر زئی اور بابر خان عمرزئی کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے بعد میڈیا سے گفتگوں کے دوران کیا ،اس موقع پران کا کہنا تھاکہ نواز شریف کی ذاتی خواہش تھی کہ فاٹا کے عوام کے محرومیوں کا ازالہ ہو اور صوبے کے دیگر عوام کی طرح فاٹا کے عوام کو بھی ہر قسم کی سہولیات میسر ہو اس لئے وزیراعظم نے فاٹا کے عوام کے رائے معلوم کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جس سے ہر ایجنسی میں جا کر وہاں کی عوام کی رائے معلوم کی جس کے بعد اس کمیٹی کے بنائے گئے رپورٹ کو منظوری کے لئے پہلے قومی اسمبلی اور بعد میں پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا جس کو دونوں ایوانوں نے کثیرت رائے سے منظور کر لیا ہے اور اب بہت جلد وفاقی کابینہ فاٹا کے انضمام کی منظوری کا فیصلہ فاٹا کے عوام کے رائے کے مطابق کر لے گا،اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کے معاملے سے سے وزیراعظم کا کوئی تعلق نہیں یہ وزیراعظم کے صاحبزادوں کا کیس ہے اور اس حوالے سے عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہم اسی تہہ دل سے تسلیم کرینگے۔

(جاری ہے)

اس موقع انہوںنے مزید کہا کہ صوبے میں حکومت نہ ہونے کے باوجود پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس صوبے کے عوام کے فلاح کے لئے لاتعد منصوبوں پر کام شروع کیا ہے ،چارسدہ میں پاسپورٹ آفس کے قیام کے بعد اب یہاں پر 500بیڈ پر مشتمل ہسپتال بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے ،اس موقع پر انہوںنے کراچی میں سماء ٹی وی کے ڈی ایس این جی پر حملے او ر اسسٹنٹ تیمور کی ہلاکت پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور صحافیوں کی بھر پور تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائیں۔

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں