کوہستان ،ایف سی اہلکار وں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا

شہریوں کانوجوان کی نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج، ٹائر جلا کر شاہراہ قراقرم کو بند کردیا،پولیس سے فائرنگ کرنیوالے اہلکار کو فوری گرفتارکرنے کا مطالبہ

ہفتہ 24 دسمبر 2016 16:18

کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2016ء) کوہستان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار وں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق کوہستان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی ایمبولینس نے شہری کو ٹکر مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ، راہگیر زخمی ہونے پر مشتعل افراد نے ایمبولنس کو روک کر الٹا دیا جس پر اہلکاروں نے لوگوں کو ہٹانے کیلئے فائرنگ کردی ، فائرنگ کی زد میںآکرفاروق نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا توشہریوں نے اس کی لاش سڑک پر رکھ دی اور احتجاج کیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

مشتعل افراد نے شاہراہ قراقرم پر لاش رکھ کر فرنٹیئر کانسٹیبلری کیخلاف نعرے بازی بھی کی اور ذمہ داروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ شہری کی ہلاکت کے بعد شہر کی صورت حال کشیدہ ہو گئی اور ٹائر جلا کر شاہراہ قراقرم کو بند کر دیا گیا ۔ایس ایچ اوتھانہ کمیلہ کا کہنا ہے کہ نوجوان کے زخمی ہونے پر لوگوں نے ایمبولنس کو الٹا دیا جس پر فرنٹیئر کانسٹیبلری نے فائرنگ کی اور زد میں آکر نوجوان جاں بحق ہوا ۔ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں