نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو انسداد ڈینگی کے حوالے سے آگاہی میں شامل کیا جائے‘کمشنر لاہور ڈویژن

رواں ماہ سے انسداد ڈینگی میں معمولی سی غفلت ناقابل برداشت ہوگی‘ڈاکٹر محمد مجتبیٰ پراچہ کی زیر صدارت اجلاس

بدھ 11 جولائی 2018 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر محمد مجتبیٰ پراچہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام نجی ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کو انسداد ڈینگی کے حوالے سے آگاہی میں شامل کیا جائے، نجی سوسائٹیاں انسداد ڈینگی کے لیے اپنی سوسائٹی میں عملہ مامور کرے جس کو انتظامیہ تربیت دے،سوسائٹی کے اندر سے لاروا ملنے کی صورت میں تنبیہہ کرنے کے باوجود غفلت اور کوتاہی پر سوسائٹی مینجمنٹ پر ایف آئی آر درج کرائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اعلی سطحی ڈویژنل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام ڈی سی ز، تمام سی ای اوز ہیلتھ سمیت پی ایچ اے، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، محکمہ تعلیم، زراعت و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں ماہ سے انسداد ڈینگی میں معمولی سی غفلت ناقابل برداشت ہوگی۔

تمام شہری ڈینگی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور شہری خود اپنے گھروں اور چھتوں کو صاف رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری تا 10 جولائی 2018ء تک پوری لاہور ڈویژن میں 15347 ڈینگی لاروا پکڑ کر تلف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انسداد ڈینگی سٹاف میں چند دنوں میں 2000 عارضی عملہ کی شمولیت سے تمام علاقوں میں سرویلنس بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے حوالے سے حساس یونین کونسلوں میں ڈیپ لاروا سرویلنس کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی پر مامور ٹیموں کی کارکردگی کے صحیح جائزہ کے لیے تھرڈ پارٹی کی چیکنگ کو بروقت کرایا جائے تاکہ خامی درست طریقے سے سامنے آ سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں