ہمیں فنڈز نہیں چاہییں

اتوار 4 مارچ 2018

Dr Azhar Waheed

ڈاکٹر اظہر وحید

ہمیں فنڈز نہیں چاہییں.... ہمیں محسوس کرنے والے دل، سوچنے والے ذہن اور ہاتھ بٹانے والے ہاتھ چاہییں.... ہمیں فنڈز نہیں چاہییں۔ ہمیں جس سرمائے کی ضرورت ہے‘وہ سرمایہِ خیال ہے۔ پیسہ ختم ہو جاتا ہے‘ خیال ختم نہیں ہوتا۔ وجود ختم ہوجاتا ہے‘ اور خیال ختم نہیں ہوتا۔ دراصل خیال ہر وجود کا اوّل بھی ہے اور خاتم بھی!! تکوینی نظام میں خیال مثلِ حرفِ کُن ہے.... اس کی گونج کائنات میں باقی رہتی ہے۔

ہر منصوبے کی خشتِ اوّل یہی سرمایہِ خیال ہے۔ خدانخواستہ خیال اور احساس کی دولت کم پڑ جائے تو خیر کی عمارت کی خیر نہیں.... یہ عمارت اَمارت میں بدل جاتی ہے۔ نیت خیال کا معجزہ ہے.... اور یہ آفاق میں نہیں‘ انفس میں ظہور پذیر ہوتا ہے۔ نیت مخدوش ہو جائے تو فلاح و بہبود کی فلک بوس عمارتیں زمیں بوس ہو جاتی ہیں۔

(جاری ہے)


لاہور انگلش اسکول موضع احمد آباد ( سابقہ چور کوٹ ) کھڈیاں ضلع قصور کا افتتاح ہوا‘ تو اس کا تذکرہ مجھے اپنے کالم میں بھی کرنا پڑا، تاآنکہ اس فلاحی ادارے کا سیاق و سباق اور وجہ تسمیہ ریکارڈ کا حصہ بن جائے اور بوقتِ ضرورت تاریخ کے اوراق میں سند اور حوالہ بن کر سامنے ائے۔

ہوا یوں کہ’ اُردو پواینٹ ڈاٹ کام‘ والے فرحان خان بھی تقریب میں موجود تھے، وہ اپنے موبائل سے کچھ خفیہ قسم کی ریکارڈنگ کرتے رہے، تقریب کے فوراً بعد اس نوجوان نے پھرتی ے اپنے بیگ سے ایک مائک نکالا اور لوگوں کے انٹرویوز کرنے لگا۔ بعد ازاں اویس حیدر نے اسے ایک خوبصورت ڈاکومینٹری کی شکل دے دی۔ دوستوں نے اسے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔

بعض اوقات منظر کشی منظر سے زیادہ خوبصورت ہو جاتی ہے۔ بہرطور کچھ دوستوں نے رابطہ کیا اور عندیہ ظاہر کیا کہ وہ اس کارِ خیر میں کچھ ”حصہ“ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہیں بہت شکریے کے ساتھ ہم اتنا ہی بتانا چاہتے ہیں کہ ہمیں”حصہ“ درکار نہیں، بلکہ ہمیں پورے کا پورا چاک و چوبند بندہ چاہیے۔ اوۤل خیال تو یہی تھا کہ یہ اسکول گاؤں کے انہی دو نوجوانوں کے سپرد کرنے کے بعد واپس اپنے گھروں کو لوٹ آئیں گے ‘ جن کی مالی معاونت کیلئے یہ عمارت تعمیر کی گئی تھی....کہ اب وہ جانیں اور اُن کا کام.... لیکن وہاں جا کر اندازہ ہوا کہ معاملہ صرف تعلیم ہی کا نہیں‘ تربیت کا بھی درپیش ہے۔

تعلیم جز وقتی ہو سکتی ہے، تربیت ایک کل وقتی کام ہے اور کل وقتی کام کیلئے خود کو وقف کرنا لازم ہے۔ صحت سے لے کر صفائی تک سارے کے سارے معاملات قابلِ اصلاح ہیں۔ گویا ہمیں اس گاؤں میں ایک جامع نوعیت کی تحریک پیدا کرنے کی ضرورت ہے....دراصل ہرجامعہ کو ایک جامع تحریک بھی ہونا چاہیے.... اس کیلئے پیسہ خرچ کرنا کافی نہیں ‘ بلکہ خود کو خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔

حکومتوں کا رونا رونے کیلئے سیاستدان کافی ہیں، ہمیں عملی طور پر کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ پیاسے کو پانی پلانے کیلئے کنواں کھودنے کا منصوبہ‘ دس سالہ منصوبہ سازوں کے سپرد کریں اور فوری طور پر اپنے گھڑے سے پیاسے کو پانی کا پیالہ پیش کر دیں .... کہ اصل خدمت وہی ہوتی ہے‘ جوفوری ہو.... اور سائل کو انتظار کی زحمت میں ڈالے بغیر کی جائے۔
احبابِ ذی وقار کی مشاورت سے ایک ایسا کلیہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے‘ جس میں ہر فرد عملی طور پر شریکِ کار ہو کر اس کارِ فلاح کا حصہ بن جائے۔

دراصل ہمیں اُس شخص کے پیسوں کی ضرورت نہیں ‘جو ہمیں اپنا وقت نہ دے سکے۔ اگرچہ خدمت کیلئے وقت، وجود اور وسائل تینوں کی ضرورت ہوتی ہے‘ لیکن ترجیحات کے باب میں وسائل تیسری جگہ شمار ہوتے ہیں۔ جیب سے پیسے نکالنا آسان ہے لیکن کسی کیلئے اپنا وقت وقف کرنا ایک کارِ دشوار ہے۔ دوسروں کی زندگی آسان بنانے کیلئے اپنے لیے دشوار گزار راستوں کا انتخاب کرنے کی جرات ہونی چاہیے۔


طریقہِ کار یہ طے پایا کہ خدمت کا خواہشمند دوست‘ اسکول کو فنڈ نہیں دے گا بلکہ اسکول میں زیرِ تعلیم کسی ایک غریب بچے کی کفالت کرے گا.... اور یہ کفالت ایک سرپرست ہونے کی حیثیت سے ہوگی، اس بچے کا خاندان اس سے متعارف کروا دیا جائے گا، یعنی شہر سے ایک خوشحال خاندان دیہات کے ایک غریب خاندان کا دست و بازو بنے گا۔ ہمیں گاؤں کے غریب بچے کو یہ مان دینا ہوگا کہ اس کا ایک انکل شہر میں بھی رہتا ہے ....وہ اسے تعلیم دلوائے گا.... کالج اور یونیورسٹی میں داخلے کا مرحلہ درپیش ہوا‘ تو شہر والے انکل سنبھال لیں گے.... شہر والے انکل کل کلاں اسے نوکری بھی دلوا سکتے ہیں!! ایک غریب خاندان کو اتنا حوصلہ ہو جائے کہ اس کے بچے کی کفالت قابلِ اعتماد ہاتھوں میں ہے‘ تو اس کا بوجھ آدھا رہ جائے گا۔

یہ بھی اُمید ہو گی کہ اس بچے کی بڑی بہن کی شادی کے موقع پر شہر والے انکل ضرور شامل ہوں گے اورکچھ نہ کچھ ضرور کریںگے ۔ بس اتنے سے اعتماد سے ایک غریب خاندان کے چہرے پر پُراعتماد مسکراہٹ پیدا ہو جائے گی۔ دراصل غربت وسائل کی کمی سے نہیں، بلکہ ہمدردی کے احساس میں کمی سے پیدا ہوتی ہے۔ غربت پیدا کرنے میں ہماری خود غرضی کا ہاتھ ہوتا ہے۔ ایک خوشحال خاندان صرف کسی ایک مفلوک الحال خاندان کی معاشی اور معاشرتی کفالت کا ذمہ اٹھا لے تو آج ہی شام پڑنے سے پہلے تلک ملک سے آدھی غربت دُور ہو جائے گی۔

جسے وسیلہ مل جائے‘ اسے وسائل کی ضرورت نہیں رہتی۔ شہر کے کتنے ہی گھر ایسے ہیں جہاں ہر سال فرنیچر تبدیل ہوتا ہے اور دروازوں اور کھڑکیوں کے پردے ہر سال مزید دبیز ہو جاتے ہیں.... کیا ایسا نہیں ہو سکتا کہ پرانا فرنیچر اونے پونے فرنیچر والے کوبیچنے کی بجائے اسے کسی ایسے گھر میں بھیج دیا جائے جہاں لوگوں کو فرنیچر کے سپیلنگ بھی معلوم نہیں، اسی طرح پرانے پردے کتنے خاندانوں کی غربت کا پردہ رکھ سکتے ہیں۔

گھر میں پڑی ہوئی پرانی دوائیاں پڑی پڑی ضائع ہو جاتی ہیں، یہی ادویات کسی کیلئے لائف سیونگ ثابت ہو سکتی ہیں۔ ہر گھر میں کتابیں بھی پرانی ہو کرکچھ عرصے بعد ردّی کے بھاؤ بکتی ہیں.... یہ لکھے ہوئے لفظ کی توہین ہے۔ گھر میں رکھی ہوئی پرانی کتابیں ‘ جنہیں اب کوئی نہیں کھولتا‘ ایسے گھروں اور آبادیوں کیلئے ایک زینت اور نعمت سے کم نہیں ‘ جہاں لوگ پرانے اخبار کا ٹکڑا پڑھنے کو ترستے ہیں۔


پس.... جب ایک خوشحال گھرانہ ایک کم حال گھرانے کے قریب ہوگا ‘تو انہیں ایک دوسرے کی ضروریات کا احساس ہو گا۔ یہاں شہر کے لوگ خالص دودھ، مکھن ، ساگ اور محبت کو ترستے ہیں‘ وہاں تازہ ہوا کی طرح یہ سب کچھ وافر موجود ہے۔ لاہور سے صرف نوّے کلومیڑ کے فاصلے پر لوگ اپنے بچوں کو ہر مہینے دیہات کی سیر کروانے کیلئے لے کر جا سکتے ہیں، اور واپسی پر دعاؤں کے ساتھ ساتھ دیسی مرغی اور انڈے بھی مفت میں لا سکتے ہیں۔

ہمارا کام دو خاندانوں کو جوڑنا ہے ، اس کے بعد کے مراحل اَز خود طے ہوتے رہیں گے۔ اس عملی طریقہ ِ کار سے گاؤں کے اسکولوں میں بچوں کا ڈراپ آؤٹ ریٹ بھی بہت کم ہو جائے گا، ظاہر ہے شہر والے انکل ہر مہینے بچے کی حاضری کے بارے میں بھی پوچھیں گے۔ یہ خیرات نہیں بلکہ خیر کا سودا ہے۔ کسی غریب بچے کے چہرے پر ایک مسکراہٹ کے بدلے میں جنت مل جائے تو یہ سودا بہت سستا ہے!!
جس معاشرے میں دولت کی تقسیم ناہموار ہو چکی ہو‘ وہاں غریب کی غربت کا ذمہ دار ‘ نہ چاہتے ہوئے بھی امیر ہی ہوگا ....وہ اپنی ذمہ داری محسوس کرے اور خود کو ہلکا پھلکا کر لے۔

انشاء اللہ ، بشرطِ توفیقِ الٰہی....ایک دور افتادہ گاؤں میں بننے والا یہ ” لاہور انگلش اسکول“ ایک مکمل تصورِ خدمت Comprehensive concept of community service کے طور پر سامنے آئے گا.... اور یہی تصورِ خدمت شہر کے غریب علاقوں میں بھی رچ پس جائے گا۔ ہمارے ہاں المیہ یہ ہوا کہ غریب علاقوں میں جس کی مالی حالت ذرا بہتر ہوئی‘ وہ شہر کے امیر علاقوں میں منتقل ہوگیا.... اور یوں پہلے سے بھی غریب ہوتا چلا گیا.... کہ امارت اور غربت کی حقیقت ایک تقابل کے سوا اور کیا ہے۔

میں ڈیفنس میں گھر بناؤں تو غریب ہو جاتا ہوں، گرین ٹاؤن میں چلا جاؤں تو امیر سمجھا جاتا ہوں۔ سٹیٹس کے دوڑ میں سکون پیچھے رہ جاتا ہے۔ اسٹیٹس کی دوڑ دراصل ایک خود غرضی کی دوڑ ہے۔ کوئی تو ہوٗ جو اپنی جگہ پر ٹھہر جائے اور اپنی کامیابیوں کا خراج وصول نہ کرے۔ لوگوں محلوں سے نکل کر محلات میں آباد ہوتے گئے اور ان کی رفاقت میں کوئی غریب نہ رہا۔

اسلئے اب غریب اور مستحق خاندان تلاش کرنے کیلئے ہمیں اپنے اپنے شہر کے نواحی علاقوں کا رخ کرنا ہوگا!!
اس گاؤں میں تقریباً اڑھائی سو کے قریب گھر ہیں، لاہور شہر کی اڑھائی کروڑ آبادی میں سے اڑھائی سو خاندان تو ایسے ضرور ہی مسیر ہوں گے جو انہیں بھکاری بنائے بغیر اور ان کی عزت نفس کو پامال کیے بغیر ان کی اس طرح معاشی اور معاشرتی کفالت کرسکیں گے کہ صرف ایک نسل کے فاصلے پر یہ سارے خاندان تعلیم یافتہ اور خوشحال ہو جائیں۔

دراصل ہمارے اوپر بہت سا قرض ہے ، ہمارے اوپر ان تمام نعمتوں کا قرض موجود ہے جو ہمیں بغیر کسی محنت و مشقت کے گھر بیٹھے میسر ہیں۔ حدیث مبارکہ کے مطابق انسان کے ہر جوڑ پر صدقہ واجب ہے، یہ بھی فرمایا گیا کہ اپنے مومن بھائی سے مسکرا کر ملنا بھی صدقہ ہے۔ اس زاویے سے جائزہ لیا جائے تو ہمیں اپنے بچوں کی تعلیم کا صدقہ بھی نکالنا چاہیے، اور اس کا احسن طریق یہ ہے کہ اپنے بچوں کے ساتھ ہمیں اتنے ہی بچوں کی تعلیم کا مزید ذمہ لینا چاہیے۔

بھلے آپ کے بچے ایل جی ایس (لاہور گرامر سکول) میں پڑھتے رہیںِ کم از کم اپنے بچوں کی تعداد کے برابر بچے پوری ذمہ داری لیتے ہوئے ایل ای ایس (لاہور انگلش سکول) میں پڑھا دیں۔
ہم ایک ایسا ماڈل تشکیل دے رہے ہیں جس میں پیسہ اکٹھے کیے بغیر خدمتِ خلق ممکن ہو سکے۔ چندہ اکٹھا کرنے کیلئے فلاحی کام کا آغاز کرنا....یا فلاحی کام کیلئے چندہ اکٹھا کرنا....دونوں تصورِ فلاح کی توہین ہیں۔

دراصل فلاحی کام انفرادی سطح پر بہترین انداز میں ہو سکتے ہیں .... اجتماع کے اپنے مسائل ہیں ۔ چراغ سے چراغ جلتا ہے تو چراغاں ہوتا ہے۔۔۔۔۔ صرف اپنے حصے کا چراغ چلانے کی ضرورت ہے۔ عملی خدمت ہمدردی سے شروع ہوتی ہے اور فلاح پر ختم ہوتی ہے.... اور یہ فلاح دو طرفہ ہے....فارمولہ سادہ سا ہے....ظاہر میں کسی کی معاشی اور معاشرتی فلاح کا باعث بنو‘ اور باطن میں اپنے لیے دینی اورروحانی فلاح پالو!! درحقیقت خدمت ایک روحانی سطح کا تجربہ ہے۔ خاموش خدمت ....بولتی ہوئی روحانیت ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :