دماغ کی دہی‎

بدھ 30 ستمبر 2020

Imam Saafi

امام صافی

بازار میں شدید رش کے باعث ٹریفک جام تھی۔ میں بھی بائیک پر اسی رش میں پھنسا ہوا تھا کہ موبائل کی بیل بجی۔ میں نے موبائل نکال کر دیکھا تو انجان پی ٹی سی ایل نمبر تھا۔ میں نے او کے کر کے فون کان سے لگایا۔
میں: ہیلو
لڑکی: ہیلو! السلام علیکم
میں: جی وعلیکم السلام
لڑکی: آپ امام صافی بات کر رہے ہیں۔
میں: جی کر رہا ہوں۔


لڑکی: جی میں جیز کیش سے آمنہ سے بات کر رہی ہوں۔ کیسے ہیں آپ؟
میں: جی ٹھیک ہوں،  فرمائیے۔
لڑکی: آپ جیز کیش اکاونٹ استعمال کرتے ہیں۔۔۔۔۔۔
میں: جی نہیں۔
لڑکی: لیکن سر آپ کے نام سے اکاونٹ موجود ہے جو اسی نمبر ۔۔۔۔۔۔۔۔03 پر رجسٹرڈ۔۔۔۔۔۔
میں: جی ہوگا۔ میں پہلے استعمال کرتا تھا، اب نہیں کرتا۔
لڑکی: سر آپکو اکاونٹ استعمال کرنے میں کوئی پرابلم تو نہیں آرہی؟
میں: میڈم میں اکاونٹ یوز نہیں کرتا۔

(جاری ہے)


لڑکی: سر آپ کے اس نمبر پر اکاونٹ موجود ہے، آپ ہی کے نام سے۔ تو سر آپ کو اکاونٹ کے استعمال سے متعلق کسی قسم کی رہنمائی یا مدد درکار ہو تو بتائیے۔
میں: جی نہیں میڈم شکریہ۔
لڑکی: تو سر آپ جیز کیش سے متعلق اور ہماری سروسز سے متعلق کوئی سجیشن دینا چاہیں گے؟
میں: میڈم عرصہ ہوگیا میں جیز کیش اکاونٹ استعمال نہیں کر رہا اور نہ کرنا چاہتا ہوں۔


لڑکی: سر ہم نے ایک نیا پیکیج متعارف کروایا ہے، ہیلتھ انشورنس کا۔ اس بارے میں آپ کو معلومات دینی تھیں۔ اس کارڈ کی مدد سے آپ ۔۔۔۔
میں: ہیلو، ہیلو، بات سنیے، ہیلو، سنیے سنیے، ہیلو، بات سنیے۔ ہیلو، آپ کو آواز آ رہی ہے؟ ہیلو ہیلو
لڑکی: جی جی سر جی سر، سن رہی ہوں۔ جی سر، آپ کی آواز آ رہی ہے۔ جی سر فرمائیے سر
میں: اوہ اچھا، میں سمجھا آپ کو میری آواز سنائی نہیں دے رہی۔

دیکھیے میڈم، میری معلومات نوٹ کیجیے۔
میں شادی شدہ ہوں، چار بچوں کا باپ ہوں، عرصے دراز سے بےروزگار ہوں، انکم زیرو ہے، فی الحال قرضوں پر گزربسر ہے، عمر بھی کافی ہوچکی ہے، سر کے بال بھی جھڑ رہے ہیں۔ ہاں اگر آپ کو آنکھوں میں ڈوبنے کا شوق ہو تو آنکھیں کافی خوبصورت ہیں، رنگ بھی گورا ہے لیکن وزن کچھ کم ڈھائی من ہے۔
لڑکی: سر سر۔۔۔۔

۔۔۔
میں: ان شرائط کے ساتھ اگر آپ مجھ میں انٹرسٹڈ ہیں تو آج شام باغ زیتون ریسٹورنٹ میں ملاقات کے لیے آجائیے۔ ڈنر میری طرف سے۔ باقی باتیں ملاقات پر طے کر لیتے ہیں۔ آپ اگر کسی بزرگ کو ساتھ لانا چاہیں تو ضرور لائیے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ میں فقط چاروں بچوں کو ساتھ لے کر آوں گا تاکہ وہ اپنی ہونے والی سیکینڈ ممی کو دیکھ لیں۔ اگر آپ مجھ میں انٹرسٹڈ نہیں ہیں تو شکریہ، میں آپ کے اکاونٹ یا کسی بھی قسم کے پیکیج میں انٹرسٹڈ نہیں ہوں۔


لڑکی: سر ٹائم دینے کا شکریہ۔
میں: ہیلو، میڈم سنیے۔ اگر آپ انٹرسٹڈ نہیں ہیں تو وجہ تو بتاتی جائیے۔ آپ کس وجہ سے انٹرسٹڈ نہیں ہیں؟
لڑکی: سر اپنا خیال رکھیے۔ اللہ حافظ
اور لائن کٹ گئی۔ اتنے میں ہارن بجنا شروع ہوگئے۔ ایک بندہ میرے پاس کھڑا حیرت سے مجھے دیکھ رہا تھا۔ حیرت سے پوچھا،"کیا ہوا بھائی؟"
میں نے موبائل جیب میں ڈال کر کہا،" کچھ نہیں، بس ہونے والا رشتہ ٹوٹ گیا۔"
اور بائیک چلا کر آگے نکل گیا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :