
اسلام نے عورت کو کیا مقام دیا ہے؟۔قسط نمبر4
منگل 30 مارچ 2021

محمد برہان الحق جلالی
اسلام سے قبل مشرکینِ عرب بلا امتیاز ہر عورت سے نکاح جائز سمجھتے تھے۔ باپ مر جاتا تو بیٹا ماں سے شادی کر لیتا۔ جصاص نے ’احکام القرآن (2:۔ 148)‘ میں سوتیلی ماں سے نکاح کے متعلق لکھا ہے:
”اور باپ کی بیوہ سے شادی کر لینا زمانہ جاہلیت میں عام معمول تھا۔“
اسلام نے عورت کو حق دیا کہ وہ عدت کی تکمیل کے بعد نکاح کرسکتی ہے
اسلام نے عورتوں کے حقوق نمایاں کرتے ہوئے بعض رشتوں سے نکاح حرام قرار دیا اور اس کی پوری فہرست گنوا دی۔ ارشادِ باری تعالی ہے:
”تم پر تمہاری مائیں اور تمہاری بیٹیاں اور تمہاری بہنیں اور تمہاری پھوپھیاں اور تمہاری خالائیں اور بھتیجیاں اور بھانجیاں اور تمہاری (وہ) مائیں جنہوں نے تمہیں دودھ پلایا ہو اور تمہاری رضاعت میں شریک بہنیں اور تمہاری بیویوں کی مائیں سب حرام کردی گئی ہیں۔
(جاری ہے)
اور (اسی طرح) تمہاری گود میں پرورش پانے والی وہ لڑکیاں جو تمہاری ان عورتوں (کے بطن) سے ہیں جن سے تم صحبت کرچکے ہو (بھی حرام ہیں) پھر اگر تم نے ان سے صحبت نہ کی ہو تو تم پر ان کی (لڑکیوں سے نکاح کرنے میں) کوئی حرج نہیں اور تمہارے ان بیٹوں کی بیویاں (بھی تم پر حرام ہیں) جو تمہاری پشت سے ہیں اور یہ (بھی حرام ہے کہ) تم دو بہنوں کو ایک ساتھ (نکاح میں) جمع کرو سوائے اس کے جو دور جہالت میں گزر چکا۔
“القرآن، النساء، 4: 23
ماں کی حیثیت سے مقام
حضور نبی اکرم ﷺنے اہل ایمان کی جنت ماں کے قدموں تلے قرار دے کر ماں کو معاشرے کا سب سے زیادہ معزز و محتشم اور مکرم مقام عطا کیا۔ آپﷺ نے فرمایا کہ سب سے زیادہ حسن سلوک کی مستحق ماں ہے:
عن ابی ہریرة رضی اللہ عنہ قال: جاء رجلی الی رسول اللہ ﷺ فقال: یا رسول اللہ! من احق الناس بحسن صحابتی؟ قال: ”امک،“ قال: ثم من؟ قال: ”ثم امک،“ قال: ثم من؟ قال: ”ثم امک“، قال ثم من؟ قال: ”ثم ابوک“۔
”حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ایک آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہو کر عرض گزار ہوا یا رسول ﷺمیرے حسن سلوک کا سب سے زیادہ مستحق کون ہے؟ فرمایا کہ تمہاری والدہ، عرض کی کہ پھر کون ہے فرمایا کہ تمہاری والدہ، عرض کی کہ پھر کون ہے؟ فرمایا کہ تمہاری والدہ ہے، عرض کی کہ پھر کون ہے؟ فرمایا کہ تمہارا والد ہے۔“
1۔ بخاری، الصحیح، کتاب الأدب، باب من أحق الناس، 5: 2227، رقم: 5626
2۔ مسلم، الصحیح، کتاب البر والصلة، باب بر الوالد ین4: 1974، رقم: 2548
3۔ المسند، 1: 216، رقم: 172
بیٹی کی حیثیت سے مقام
اسلام نے ہی بیٹی کی حثییت سے مقام دیا وہ بیٹی جسے معاشرہ میں جہاں بیٹی کی پیدائش کو ذلت و رسوائی کا سبب قرار دیا جاتا تھا، آپ ﷺنے اسی بیٹی کو احترام و عزت کا مقام عطا کیا۔ اسلام نے نہ صرف معاشرتی و سماجی سطح پر بیٹی کا مقام بلند کیا بلکہ اسے وراثت کا حق دار بھی ٹھہرایا، ارشادِ ربانی ہے:
”اللہ تمہیں تمہاری اولاد (کی وراثت) کے بارے میں حکم دیتا ہے کہ لڑکے کے لیے دو لڑکیوں کے برابر حصہ ہے پھر اگر صرف لڑکیاں ہی ہوں (دو یا) دو سے زائد تو ان کے لیے اس ترکہ کا دو تہائی حصہ ہے اور اگر وہ اکیلی ہو تو اس کے لیے آدھا ہے۔“القرآن، النساء، 4: 11
ٓآج بھی لوگ بیٹی کی پیدائش کو نحوست قرار دیتے ہیں قرآن حکیم نے بیٹی کی پیدائش پر غم و غصے کو جاہلیت کی رسم اور انسانیت کی تذلیل قرار دیتے ہوئے اُس کی مذمت کی:
”اور جب ان میں سے کسی کو لڑکی (کی پیدائش) کی خوشخبری سنائی جاتی ہے تو اس کا چہرہ سیاہ ہو جاتا ہے اور وہ غصہ سے بھر جاتا ہےo وہ لوگوں سے چھپتا پھرتا ہے (بزعم خویش) اس بری خبر کی وجہ سے جو اسے سنائی گئی ہے (اب یہ سوچنے لگتا ہے کہ) آیا اسے ذلت و رسوائی کے ساتھ (زندہ) رکھے یا اسے مٹی میں دبا دے (یعنی زندہ درگور کردے) خبردار کتنا برا فیصلہ ہے جو وہ کرتے ہیںo“
القرآن، النحل، 16: 58، 59
اور بیٹیوں کو زندہ درگور کرنے کی ممانعت کرکے دورِ جاہلیت کی اس رسم بد کا قلع قمع کیا جو اسلام کی آمد سے قبل اس معاشرے میں جاری تھی:
”اور تم اپنی اولاد کو مفلسی کے خوف سے قتل مت کرو ہم ہی انہیں (بھی) رزق دیتے ہیں اور تمہیں بھی، بے شک ان کو قتل کرنا بہت بڑا گناہ ہےo“القرآن، بنی اسرائیل، 17: 31
بہن کی حیثیت سے مقام
قرآن حکیم میں جہاں عورت کے دیگر معاشرتی و سماجی درجات کے حقوق کا تعین کیا گیا ہے، وہاں بطور بہن بھی اس کے حقوق بیان کیے گئے ہیں۔ بطور بہن عورت کا وراثت کا حق بیان کرتے ہوئے قرآن حکیم میں ارشاد فرمایا گیا:
”اور اگر کسی ایسے مرد یا عورت کی وراثت تقسیم کی جارہی ہو جس کے نہ ماں باپ ہوں نہ کوئی اولاد اور اس کا ماں کی طرف سے ایک بھائی یا ایک بہن ہو (یعنی اخیافی بھائی یا بہن) تو ان دونوں میں سے ہر ایک کے لیے چھٹا حصہ ہے پھر اگر وہ بھائی بہن ایک سے زیادہ ہوں تو سب ایک تہائی میں شریک ہوں گے (یہ تقسیم بھی) اس وصیت کے بعد (ہوگی) جو (وارثوں کو) نقصان پہنچائے بغیر کی گئی ہو یا قرض (کی ادائیگی) کے بعد۔“
القرآن، النسآء، 4: 12
”لوگ آپ سے حکم دریافت کرتے ہیں۔ فرما دیجئے کہ اللہ تمہیں (بغیر اولاد اور بغیر والدین کے فوت ہونے والے) کلالہ (کی وراثت) کے بارے میں یہ حکم دیتا ہے کہ اگر کوئی ایسا شخص فوت ہوجائے جو بے اولاد ہو مگر اس کی بہن ہو تو اس کے لیے اس (مال) کا آدھا (حصہ) ہے جو اس نے چھوڑا ہے اور اگر (اس کے برعکس بہن کلالہ ہو تو اس کے مرنے کی صورت میں اسکا) بھائی اس (بہن) کا وارث (کامل) ہوگا اگر اس (بہن) کی کوئی اولاد نہ ہو۔ پھر اگر (کلالہ بھائی کی موت پر) دو (بہنیں وارث) ہوں تو ان کے لیے اس (مال) کا دو تہائی (حصہ) ہے جو اس نے چھوڑا ہے اور اگر (بصورت کلالہ مرحوم کے) چند بھائی بہن مرد (بھی) اور عورتیں (بھی وارث) ہوں تو پھر (ہر) ایک مرد کا (حصہ) دو عورتوں کے برابر ہوگا۔“
القرآن، النساء، 4: 176
اسلام نے بیٹی کو وراثت کا حق دیا ہے جو کہ سابقہ قوموں میں اس محروم رکھا جاتا تھاہمارے لئے یہ المیہ ہے کہ آج بھی ہم میں سے کئی افراد بیٹی کے وراثت سے حق کو غصب کر لیتے ہیں اس کا حق بیٹوں میں بانٹ دیا جاتا ہے۔
بیوی کی حیثیت سے مقام
قرآن حکیم میں رب کائنات ننے نسل انسانی کے تسلسل و بقاء کے لیے ازدواجی زندگی اور خاندانی رشتوں کو اپنی نعمت قرار دیا:
”اور اللہ نے تم ہی میں سے تمہارے لیے جوڑے پیدا فرمائے اور تمہارے جوڑوں (بیویوں) سے تمہارے لیے بیٹے، پوتے اور نواسے پیدا فرمائے اور تمہیں پاکیزہ رزق عطا فرمایا تو کیا پھر بھی وہ (حق کو چھوڑ کر) باطل پر ایمان رکھتے ہیں اور اللہ کی نعمت سے وہ ناشکری کرتے ہیںo“القرآن، النحل، 16: 72
دوسرے مقام پر بیوی کے رشتے کی اہمیت اور اس سے حسن سلوک کو یوں ارشاد فرمایا
”تمہارے لیے روزوں کی راتوں میں اپنی بیویوں کے پاس جانا حلال کردیا گیا ہے وہ تمہارا لباس ہیں اور تم ان کا لباس ہو، اللہ کو معلوم ہے کہ تم اپنے حق میں خیانت کرتے تھے سو اس نے تمہارے حال پر رحم کیا اور تمہیں معاف فرمادیا، پس (اب روزوں کی راتوں میں بیشک) ان سے مباشرت کیا کرو اور جو اللہ نے تمہارے لیے لکھ دیا ہے چاہا کرو، اور کھاتے پیتے رہا کرو یہاں تک کہ تم پر صبح کا سفید ڈورا (رات کے) سیاہ ڈورے سے (الگ ہوکر) نمایاں ہوجائے، پھر روزہ رات (کی آمد) تک پورا کرو، اور عورتوں سے اس دوران میں شب باشی نہ کیا کرو جب تم مسجدوں میں اعتکاف بیٹھے ہو، یہ اللہ کی (قائم کردہ) حدیں ہیں پس ان کے توڑنے کے نزدیک نہ جاؤ، اِسی طرح اللہ لوگوں کے لیے اپنی آیتیں (کھول کر) بیان کرتا ہے تاکہ وہ پرہیزگاری اختیار کریںo“
القرآن، البقرہ، 2: 187
”اور تمہارے لیے اس (مال) کا آدھا حصہ ہے جو تمہاری بیویاں چھوڑ جائیں بشرطیکہ ان کی کوئی اولاد نہ ہو، پھر اگر ان کی اولاد ہو تو تمہارے لیے ان کے ترکہ سے چوتھائی ہے (یہ بھی) اس وصیت (کے پورا کرنے) کے بعد جو انہوں نے کی ہو یا قرض (کی ادائیگی) کے بعد، اور تمہاری بیویوں کا تمہارے چھوڑے ہوئے (مال) میں سے چوتھا حصہ ہے بشرطیکہ تمہاری کوئی اولاد نہ ہو پھر اگر تمہاری کوئی اولاد ہو تو ان کے لیے تمہارے ترکہ(وراثت) میں سے آٹھواں حصہ ہے تمہاری اس (مال) کی نسبت کی ہوئی وصیت (پوری کرنے) یا تمہارے قرض کی ادائیگی کے بعد۔“القرآن، النساء، 4: 12
یہ قرآنِ حکیم ہی کی تعلیمات کا عملی ابلاغ تھا کہ حضور نبی کریم ﷺ نے بیوی سے حسن سلوک کی تلقین فرمائی:
اسلام نے کیا کیا مقام عورت کو دیا جس کا ادراک کرنا نا ممکن ہے ایسا مقام ایسی عزت و رفعت کسی اور مذہب نت نہیں دی۔
’حضرت ’ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺکی بارگاہ میں ایک شخص حاضر ہو کر عرض گزار ہوا: یا رسول اللہ! میرا نام فلاں فلاں غزوہ میں لکھ لیا گیا ہے اور میری بیوی حج کرنے جا رہی ہے۔ آپ ﷺنے ارشاد فرمایا: تم واپس چلے جاؤ اور اپنی بیوی کے ساتھ حج کرو۔“
1۔ بخاری، الصحیح، کتاب الجہاد، باب کتابة الإمام الناس، 3: 1114، رقم: 2896
2۔ بخاری، الصحیح، کتاب الجہاد، باب من اکتتب فی جیش، 3: 1094، رقم: 2844
3۔ مسلم، الصحیح، کتاب الحج، باب سفر المرأہ مع محرم، 2: 978، رقم: 1341
حضور نبی کریم ﷺ نے صحابی رسول کو حکم فرمایا کہ اگر بیوی ؟حج پہ جا رہی ہے تو اس کے ساتھ تم بھی جاو یہ دین اسلام کا امتیاز ہے۔جاری ہے
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
محمد برہان الحق جلالی کے کالمز
-
شان سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ احادیث نبوی ﷺ کی روشنی میں
جمعرات 13 جنوری 2022
-
سیرت النبی ﷺ کے روشن پہلو
بدھ 20 اکتوبر 2021
-
آہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان
پیر 11 اکتوبر 2021
-
ماں کی دعا
منگل 5 اکتوبر 2021
-
اخلاقیات
بدھ 29 ستمبر 2021
-
حضرت داتاعلی ہجویری رحمہ اللہ کی تعلیمات
ہفتہ 25 ستمبر 2021
-
استاد ایک عظیم ہستی
پیر 20 ستمبر 2021
-
سیرت النبی ﷺ کے روشن پہلو
منگل 14 ستمبر 2021
محمد برہان الحق جلالی کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.