وفادار

پیر 4 مئی 2020

Rai Irshad Bhati

رائے ارشاد بھٹی

یہ ان دنوں کی بات ہے جب میں شہر کے سب سے بڑے سکول میں ہیڈ کلرک کے فرائض سرانجام دے رہا تھا اس وقت اس کے بالوں میں چاندی کی فصل آنا شروع ہو چکی تھی نہوت کی وجہ سے چہرے پر وقت سے پہلے بڑھاپے کے آثار موجود تھے وہ انتہائی محدود وسائل کا مالک تھا مگر اس کے باوجو اپنے اکلوتے بیٹے کو شہر کے مہنگے اور اچھے سکول میں پڑھا رہا تھا وہ جب بھی بیٹے کی سکول فیس جمع کروانے آتا سکول کے سامنے امیر لوگوں کی کھڑی ہوئی بڑی گاڑیوں کے درمیان چھپ چھپا کر آتا تاکہ اس کے بیٹے کو اس کی غربت کی وجہ سے اپنے کلاس فیلوز میں شرمندگی یا احساس کمتری کا سامنا نہ ہو اس کے کپڑے او جوتے پرانے پیوند لگے ہوتے پر صاف ستھرے ہوتے مگر بیٹے کو کسی لحاظ سے بھی آمیر لوگوں کے بچوں سے کم نہ رکھتا وہ جب بھی سکول آتا یا راستے میں کہیں ملتا ایک پالتو کُتا ہمیشہ اس کے ساتھ ساتھ رہتا دن گزرتے گۓ اس کا بیٹا کلاس میں پہلی پوزیشن نہ تو دوسری تیسری پر لازم براجمان ہوتا آخر کار سکول سے کالج اورکالج سے یونیورسٹی کا سفر طے کر کے پبلک سروس کا امتحان اعلی نمبروں سے پاس کیا اور بڑا آفیسر بن گیا اور باپ بھی پیٹ کاٹ کاٹ کر اس کی ضروریات پوری کرتے کرتے وقت سے پہلے کھونٹی کے سہارے چلنے لگا  آفیسر بنتے ہی اس کی شادی ایک بڑے گھر میں ہوگئی جہیز میں گاڑی کے علاوہ شہر کے پوش علاقے میں ایک عالیشان بنگلہ بھی ملا شادی کے چھ ماہ بعد جنت جیسی ہستی سے محروم ہوگیا ایک دن مجھے اس سے ایک کام آن پڑا میں بڑے غرور اور چاؤ سے آس کے بنگلے کے گیٹ پر پہنچا دیکھا تو ایک بوڑھا شخص گیٹ کے باہر دیوار کا آسرا لیے بیٹھا رو رہا ہے پیشانی خون اور آنسؤوں سے تر تھی ایک طرف نظر والی عینک جس کی ایک کمانی تھی اور دوسری طرف دھاگہ بندھا ہوا تھا ٹوٹ کر کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہوئی پڑی تھی ایک طرف وہی پرانی پگڑی مٹی مٹی ہوئی پڑی تھی دوسری طرف کھونٹی ٹوٹی پڑی تھی جس پر خون واضح نظر آرہا تھا میں بوڑھے کی یہ حالت دیکھ کر ہمدردی کیلۓ قریب گیا تو مجھے جھماکا سا آیا اور میری یادداشت کئی دہائیاں پیچھے چلی گئی آہ یہ تو وہی شخص ہے جس نے انتہائی غربت میں اپنے بیٹے کو پڑھا لکھا کر آفیسر بنانے میں اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر دیا تھا مگر یہ اب اس حالت میں کیوں اور کیسے ؟ایک ہی لمحے میرے اندر کئی سوالات جنم لینے لگے اس وقت میرے پاس پانی کی بوتل تھی میں نے پانی پلاتے ہوۓ بوڑھے سے پوچھا آپ کے ساتھ کیا ہوا او کس نے آپ کی یہ حالت کی بوڑھے نے مجھے پہچاننے کیلۓ اپنے دونوں ہاتھوں سے اندھوں کی طرح عینک تلاش کرنے کی کوشش کی مگر اس کے ہاتھ میں بچی کھچی دھاگے والی سائیڈ آئی جو اب کسی کام کی نہیں رہی تھی تھوڑی خاموشی اور مجھے پہچاننے کی ناکام کوشش کے بعد اس نے پوچھا تم کون ہو پتر ؟  میں نے اپنا تعارف کرایا تو وہ میرے گلے لگ کر دھاڑیں مار کر رونے لگا میں نے بڑی مشکل سے اسے چپ کرایا اور دوبارہ وہی سوال کیا بابا آخر آپ کے ساتھ ہوا کیا ہے کس نے کیا یہ سب کچھ ؟بتاتے کیوں نہیں  آخر کپکپاتے ہونٹوں سے بوڑھے نے بمشکل چند الفاظ ادا کیے “بس پتر نا پچھ خون سفید ہوگیا اے  ،، میں یہ سن کر ششدر رہ گیا میں ابھی سوچوں کے بھنور میں گردان تھا کہ اتنے  میں میری نظر اس کے پالتو کُتے پر پڑی جو دور پڑی اس کر وہی پرانی جوتی منہ میں اٹھا کر اس کے قدموں میں آ بیٹھا ،
میں یہ سب کچھ دیکھ کر اپنی آس اور حسرتوں کی گٹھڑی اٹھا کر جوں کا توں واپس گھر آگیا-

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :