مجرم کون۔۔۔۔۔۔ عائشہ یا چار سو بےضمیر لوگ یا پھر عائشہ کو غلط کہنے والے لوگ؟؟

جمعہ 20 اگست 2021

Safia Haroon

صفیہ ہارون

تحریر: صفیہ ہارون، لاہور۔
عائشہ کو انصاف ملے گا یا پھر یہ واقعہ بھی دیگر انصاف کے متقاضی واقعات کی طرح کہیں وقت کی گرد تلے دب جاۓ گا؟ حیرت ہے ان لوگوں پر جو ابھی بھی یہ سمجھتے ہیں کہ غلطی عائشہ کی ہے۔۔۔۔۔۔۔
ایسے لوگوں سے ایک سوال ہے کہ آپ کے گھر میں بھی خواتین ہیں، خدانخواستہ کل کو کسی اور عائشہ یا آپ کے گھر کی ہی کسی خاتون کے ساتھ یہ سانحہ پیش آیا تو کیا تب بھی آپ خاتون کی غلطی مانیں گے؟؟؟؟؟؟
آج تک جتنی کم سن لڑکیوں و خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات سامنے آۓ، کیا ان سب میں غلطی لڑکیوں و خواتین کی تھی؟ اگر نہیں تو کچھ لوگوں کو ایسا کیوں لگتا ہے کہ عائشہ والے کیس میں غلطی ان چار سو بھوکے، رال ٹپکاتے بھیڑیوں کی نہیں ، بل کہ عائشہ کی ہے؟ خدانخواستہ کل کو ایسے لوگوں کے گھروں کی خواتین کے ساتھ کچھ غلط ہوا تو مجرم زیادتی کرنے والے نہیں، بل کہ گھر کی خواتین ہوں گی کہ وہ گھر سے باہر کیوں نکلیں؟ کچھ لوگوں کا یہ سوال ہے کہ عائشہ مینارِ پاکستان کیا لینے گئی تھی تو اس کا جواب سادہ سا ہے کہ آپ کے گھر کی خواتین اگر باہر جاتی ہیں تو وہ کیا لینے جاتی ہیں؟ اگر خوش قسمتی سے آپ کے گھر کی خواتین کو مردوں کا سہارا میسر ہے اور وہ کسی بھی کام سے باہر نہیں جاتیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ باہر جا کر روزی روٹی کے لیے دوڑ دھوپ کرنے والی ہر عورت غلط ہے۔

(جاری ہے)

۔۔۔۔۔۔۔
عائشہ کیس سے پہلے لاہور میں رات کو خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنانے کا جو واقعہ سامنے آیا تھا، اس میں بھی خاتون کی ہی غلطی تھی۔ قصور میں زینب کیس میں بھی زینب کی غلطی تھی۔ جن عورتوں کو ان کے خاندانوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، ان میں بھی غلطی خواتین کی ہی تھی۔ عائشہ کیس میں بھی عائشہ کی غلطی لیکن ان سب کو غلط قرار دینے والے اگر دودھ کے دھلے ہیں تو ملک بھر میں جنسی زیادتی و ہراسانی کے کیسز کو ختم کر کے دکھائیں۔


ناہید کی پکار پر ہندوستان کا ہر پیر و جواں بےتاب ہو گیا تھا اور محمد بن قاسم فوری اپنا لشکر لے کر ناہید کی مدد کے لیے روانہ ہو گیا تھا لیکن آج کی ناہید کی پکار پر چار سو کے مجمع میں سے کسی نے بھی لبیک نہیں کہا۔ کیا وہ سب جذبہِ ایمانی سے محروم تھے یا ان کو عورت کو تحفظ دینا سکھایا ہی نہیں گیا تھا؟
ہر زیادتی کیس میں عورت کو غلط قرار دینے والوں سے چند سوال کہ آج تک آپ نے اپنے گھر کی عورتوں کے علاوہ کتنی عورتوں کو تحفظ فراہم کیا؟ کتنی عورتوں کو دیکھ کر نظریں جھکائیں؟ کتنی عورتیں ہیں جو آپ کے ہوتے ہوۓ خود کو محفوظ تصور کرتی ہیں؟
نوے فیصد عوام کا یہ ماننا ہے کہ مینارِ پاکستان کیس میں جو کچھ ہوا، اس میں ساری غلطی سراسر عائشہ کی ہے کہ وہ مینارِ پاکستان کیا لینے گئی تھی اور دوسرا یہ کہ عائشہ کیس میں ویڈیو میں جو کچھ دکھایا یا بتایا گیا ہے، وہ سب سچ نہیں ہے۔

فرض کیجیے ویڈیو میں جو سب دکھایا گیا، وہ غلط ہے تو کیا کسی بھی خاتون کے ساتھ ایسا کرنا درست عمل ہے؟ سوال یہ نہیں کہ وہاں مردوں کی تعداد چار سو تھی یا نہیں تھی، سوال تو یہ ہے کہ وہاں جو ہوا، کیا وہ صحیح تھا؟ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہاں موجود تمام لوگ عائشہ کے فینز تھے اور عائشہ کے کہنے پر ہی آۓ تھے تو محترم یہ بھی بتائیے کہ کیا کبھی تاریخ میں پہلے کبھی ایسا ہوا کہ آپ کی ایک آواز پر آپ کے چار سو فینز منہ اٹھاۓ چلے آئیں اور آتے ہی آپ کی عزت کی دھجیاں اڑا دیں؟ عائشہ کے چہرے کے تاثرات سے تو کہیں بھی ایسا نہیں لگ رہا کہ وہ اس سب واقعے کے پس پردہ خود کہیں موجود ہے۔

کوئی بھی عورت خود اپنی عزت کو داؤ پر کیوں لگاۓ گی؟ چلیں آپ کے کہنے پر مان لیا کہ عائشہ قصوروار ہے تو اس سانحے کے بعد عائشہ کے تمام بیانات میں اس کے چہرے پر پھیلے کرب اور اس کی روتی آنکھوں کے پیچھے کا درد تو مصنوعی نہیں لگ رہا۔ جس نے خود اپنے منصوبے کے مطابق یہ سب کروایا ہو، وہ ساری دنیا کے سامنے انصاف کے لیے دہائی کیوں دے گی؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :