خبرستان

جمعرات 31 اگست 2017

Shahid Sidhu

شاہد سدھو

ایک خبر ایجنسی کے نمائندے کی گذشتہ چند ہفتوں میں فائل کی گئی خیالی خبروں کی تفصیل درج ذیل ہے۔
۱۔ اسلامی جمہوریہ کے فرانس میں سفیر نے منگل کے روز پیرس میں فرانس کے آرمی چیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر نے فرانس میں مختلف دہشت گرد حملوں کے بعد فرانسیسی فوج کی بروقت کارروائیوں کی تعریف کی اور ان کو اسلامی جمہوریہ کی حمایت کا یقین دلایا۔


۲۔ اسلامی جمہوریہ کی وزارت خارجہ کے ڈپٹی سیکرٹری نے اپنے دورہ واشنگٹن کے پہلے مرحلے میں امریکی بری افواج کے کمانڈر سے ملاقات کی۔ ڈپٹی سیکرٹری نے امریکی کمانڈر کو اسلامی جمہوریہ کی حکومت کی طرف سے نیک تمناوٴں کا پیغام پہنچایا۔جناب ڈپٹی سیکرٹری اپنے دورے کے دوران امریکہ کی فضائی اور بحری افواج کے کمانڈروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)


۳۔ اسلامی جمہوریہ کے وزیر بلدیات نے کویت کے دارالحکومت میں کویتی افواج کے کمانڈر انچیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کویتی کمانڈر انچیف نے اسلامی جمہوریہ کے وزیر بلدیات کے دورے کو مفید قرار دیا۔ وزیر بلدیات ایئر پورٹ سے سیدھے ملاقات کے لئے پہنچے تھے۔ دورے کے دوران مزید ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

ًٍ
۴۔ برطانیہ میں اسلامی جمہوریہ کے ہائی کمشنر نے شمالی آئر لینڈ کی علیحدگی پسند جماعت شن فین کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہائی کمشنر نے شن فین کے سربراہ کے وژن کی تعریف کی۔ ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ کے ہائی کمشنر نے شمالی آئر لینڈ معاملے کو برطانیہ کا اندرونی مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ اس مسئلے پر برطانیہ کی حمایت جاری رکھے گا۔


۵۔ اسلامی جمہوریہ اسمبلی کے قائم مقام ڈپٹی اسپیکر نے اپنے دورہ چین کے دوران پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات انتہائی گرم جوش ماحول میں ہوئی۔ قائم مقام ڈپٹی اسپیکر نے چینی آرمی کے سربراہ کو بتایا کہ اسلامی جمہوریہ کے عوام شہد سے میٹھی دوستی کو مزید میٹھا کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ چینی آرمی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر تعاون جاری رکھے گا۔


۶۔ اسلامی جمہوریہ کے جاپان میں سفیر نے اسلامی جمہوریہ کے قومی دن کے موقع پر عشائیہ دیا۔ عشائیہ کے مہمان خصوصی جاپان کی دفاعی افواج کے سربراہ تھے۔ جاپانی افواج کے سربراہ نے اسلامی جمہوریہ کے عوام کو مبارک باد دی۔ سفیر نے اس موقع پر جاپانی افواج کے سربراہ کو اسلامی جمہوریہ کا اعلی اعزاز پیش کیا۔
۶۔ اسلامی جمہوریہ کے معروف دانشور پروفیسر نے جو ان دنوں جرمنی کے دورے پر ہیں ، جرمنی کے آرمی چیف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دانشور پروفیسر نے جرمن آرمی چیف کو اپنی اردو کتابوں کا سیٹ تحفے کے طور پر پیش کیا۔ جرمن آرمی چیف نے بھی دانشور پروفیسر کو جرمن کتابوں کو تحفہ دیا۔
۷۔ سری لنکا کے دورے پر آئی ہوئی اسلامی جمہوریہ کی کبڈی ٹیم نے سری لنکا کی مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ سری لنکن آرمی چیف نے کبڈی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

آرمی چیف نے تمام کھلاڑیوں کو بہادری کے تمغے دیئے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے سری لنکن آرمی چیف کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔
۸۔ اسلامی جمہوریہ کے انڈونیشیا میں واقع سفارخانے کے ترجمان نے جکارتہ میں انڈونیشیائی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انڈونیشیائی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے اسلامی جمہوریہ کے سفارتکار کو بریفنگ دی۔

ترجمان نے انڈونیشیائی فوج کی تعریف کی اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
۹۔ بلجیئم میں اسلامی جمہوریہ کے سفیر سے اپوزیشن سوشلسٹ پارٹی کے لیڈر نے ملاقات کی۔ ملاقات برسلز میں اسلامی جمہوریہ کے سفارتخانے میں ہوئی۔ملاقات میں مختلف امور زیر بحث آئے۔ واضح رہے کہ سفیر موصوف سے گزشتہ دنوں اپوزیشن کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ نے بھی ملاقات کی تھی۔

مختلف سفارتی حلقوں میں اسلامی جمہوریہ کے سفیر کی ان ملاقاتوں کو خاص اہمیت دی جارہی ہے۔
۱۰۔ ہالینڈ میں اسلامی جمہوریہ کے سفیر نے عشائیہ کا اہتمام کیا۔ عشائیے میں ہالینڈ کی اہم حکومتی، دفاعی، سیاسی، سفارتی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ مشروبات کی دلداہ شخصیات کی اسلامی جمہوریہ کے خاص مشروبات، لسی، گنے کے رس ، سکنجبیں ا ور روح افزاء سے تواضع کی گئی۔ لسی کی لت کے شکار صحافیوں کے لئے خاص اہتمام کیا گیا تھا۔عشائیے میں سفارتی اور دفاعی حلقے معنی خیز انداز میں ہالینڈ کے حکمران اتحاد کے ٹوٹنے اور حکومت جانے کی پیشین گوئیاں کرتے رہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :