
سقوطِ مشرقی پاکستان نا گزیر تھا؟
بدھ 16 دسمبر 2020

شاہد سدھو
(جاری ہے)
اگر دانشور غور کریں تو مشرقی پاکستان میں علیحدگی کی تحریک کے جنم لینے کی سب سے بڑی وجہ سیاسی تھی۔ عوام کے اپنے نمائندوں اور حکمرانوں کے انتخاب کے حق کو ختم کردیِا گیا تھا۔ مشرقی پاکستان میں یہ احساس جنم لے چکا تھا کہ اِ س ملک میں اگر مغربی پاکستانی ڈکٹیٹر نے ہی اقتدار پر قبضہ کر کے حکومت کرنی ہے اور طویل عر صے تک اقتدار پر قابض رہنا ہے تو مشرقی پاکستان کے عوام، مملکت کے اقتدار میں شرکت سے محروم رہیں گے۔ کیا وجہ ہے کہ بھارت میں شدید اختلافات کے با وجود بھارتی صوبے (ریاستیں) بھارت کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور زیادہ تر علاقوں میں علیحدگی کی تحریکیں دم توڑ چکی ہیں۔ سب سے بڑی وجہ جمہوریت کا تسلسل کے ساتھ جاری رہنا ہے۔ آزادی کے بعد سے بھارت میں بغیر کسی رکاوٹ کے جمہوریت قائم و دائم ہے۔ تمام تر خرابیوں کے باوجود بھارتی عوام کو حاصل ووٹ کی طاقت اور انکے ووٹ کی عزت ملک کے استحکام کا باعث ہے۔ عوام کو کسی نہ کسی سطح پر اقتدار کو ہلانے اور حکمرانوں کو للکارنے کا موقع ملتا رہتا ہے۔ مختلف اوقا ت میں تسلسل کے ساتھ ہوتے قومی انتخابات، صوبائی (ریاستی) انتخابات، بلدیاتی انتخابات، پنچائتی راج انتخابات میں عوام کی براہِ راست شرکت ان کو فیصلہ سازی میں حصہ داری کا احساس دلاتی ہے اور مقامی، صوبائی اور ملکی معاملات سے جوڑے رکھتی ہے۔ مختلف اوقات میں ہونے والے راجیہ سبھا ( سینیٹ) اور ودھان سبھا ( صوبائی سینیٹ) کے بلواسطہ انتخابات بھی عوام کی دلچسپی کا باعث ہوتے ہیں۔ ہر چند ماہ بعد ہونے والے کسی نہ کسی علاقے اور کسی نہ کسی سطح کے انتخابات عوام میں ووٹ کی طاقت یعنی ان کی اپنی طاقت کا احساس اجاگر کرتے ہیں۔
جنرل ایوب خان کے مارشل لاء نے سیاسی رہنماوں کو غیر قانونی آمرانہ اقدامات کے ذریعے نااہل قرار دینے کا سلسلہ شروع کیا اور تحریک ِ پاکستان کے رہنماوں کا بھی لحاظ نہ کیا اس نے عوام میں محرومی کی جو بنیاد رکھی تھی، ۱۹۶۵ کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی سے محترمہ فاطمہ جناح کو ہرانے سے اسے اور بڑھاوا ملا۔ مشرقی پاکستان میں باوجود دھاندلی کے جنرل ایوب خان بڑی اکثریت نہ لے سکے تھے ، ڈھاکہ اور چٹاگانگ ڈویژنوں میں محترمہ فاطمہ جناح کامیاب ہوئیں تھیں۔ مارشل لاء اقدامات سے زیادہ تر اہم سیاسی رہنما غیر متعلق کر دیئے گئے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ علیحدگی کا ابتدائی چارٹر شیخ مجیب الرحمٰن کے چھ نقاط ۱۹۶۶ میں ہی وجود میں آچُکے تھے اور قوم پرست عوامی لیگ مشرقی پاکستان میں ، تمام دیگر سیاسی قوتوں کو پیچھے چھوڑ چکی تھی۔ عوامی لیگ کی گرفت مشرقی پاکستان پر اتنی مضبوط ہوگئی کہ ۱۹۷۰ کے انتخابات تک دیگر وفاق پرست سیاسی اور مذہبی سیاسی جماعتوں کے لئے سیاسی عمل میں حِصہ لینا ہی تقریباً ناممکن ہوچکا تھا۔ یاد رہے کہ شیخ مجیب الرحمٰن نے ۵ دسمبر ۱۹۶۹ کو ہی مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش کا نام دینے کا اعلان کر دِیا تھا اور جنرل یحییٰ خان نے عام انتخابات اس کے ایک سال بعد سات دسمبر ۱۹۷۰ کو منعقد کروائے تھے۔ انتخابات کا نتیجہ ایسا نِکلا کہ مارشل لائی جرنیلوں کے لئے نا قابلِ قبول تھا۔ مشرقی پاکستان کے عوام پر ایک بار پھر واضح ہوگیا کہ ان کے لئے پاکستان میں اقتدار اعلی کا حصول ناممکن ہوچکا ہے۔ انتہائی سخت فوجی آپریشن نے علیحدگی کی سلگتی تحریک کو مزید بھڑکا دِیا۔ یہاں سوال یہ بھی ہے کہ مُکتی باہنی کے لاکھوں افراد پر مشتمل تربیت یافتہ جتھوں کا قیام چند ہفتوں میں تو عمل میں نہیں آگیا تھا ۔ اِس سے واضح ہوتا ہے جنرل ایوب خان کے دور میں شروع ہوئی علیحدگی کی تحریک کیسے پنپ رہی تھی۔ فوجی قیادت کی توجہ اپنے اصل کام سرحدوں کی حفاظت کے بجائے سیاست دانوں کو نا اہل کرنے اور سولین معاملات میں دخل اندازی کی رہی ، ملک کے سب سے بڑے حصے کے عوام مرکز سے دور ہوتے گئے اور فوج سرحدوں کے دفاع سے نا اہل ہوگئی۔ اگر ملک میں جمہوریت اور سیاسی عمل جاری رہتا تو شاید نہ ملک ٹوٹتا اور نہ اتنی بڑی فوجی شِکست ہوتی۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
شاہد سدھو کے کالمز
-
مشرقی پاکستان اور ایک بنگالی فوجی افسر کا نقطہ نظر
بدھ 15 دسمبر 2021
-
مشرقی پاکستان اور جنرل ایوب خان
جمعہ 10 دسمبر 2021
-
مشرقی پاکستان اور اسکندر مرزا
منگل 7 دسمبر 2021
-
سیاسی حقیقت
ہفتہ 13 مارچ 2021
-
کون کتنا ٹیکس دیتا ہے
ہفتہ 6 مارچ 2021
-
جہان درشن
ہفتہ 27 فروری 2021
-
سقوطِ مشرقی پاکستان نا گزیر تھا؟
بدھ 16 دسمبر 2020
-
معجزے ہو رہے ہیں
جمعہ 4 دسمبر 2020
شاہد سدھو کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.