سپریم کورٹ کے 7بینچ (کل) سے اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے،سابق صدر مشرف کیخلاف بغاوت کا مقدمہ چلانے کیلئے دائر درخواستیں آخری مرحلے میں داخل، اٹارنی جنرل عدالت کو حکومت کے واضح موقف سے آگاہ کرینگے ، رواں ہفتہ کے دوران راجہ پرویز اشرف کیخلاف اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز منتخب اور غیر منتخب افراد میں بانٹنے، پی آئی اے میں بے قاعدگیوں، جیلوں کی خراب حالت، این آر او عمل درآمد کیس، حج کرپشن ، رینٹل پاور پراجیکٹ عمل درآمد کیس، سابق چیئرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی اور ملک میں غیر معمولی لوڈشیڈنگ، یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کی طرف سے سی این جی کے 650 غیر قانونی لائسنس جاری کرنے کا کیس سمیت اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت کریگا

اتوار 23 جون 2013 22:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23جون۔ 2013ء) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی طرف سے 24 جون سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران زیر التواء مقدمات کی سماعت کیلئے تشکیل کردہ سات بینچ (کل) پیر سے اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ میں مقدمات کی سماعت کرینگے، تین فل بینچ اسلام آباد، دو ڈویژن اور ایک فل بینچ لاہور جبکہ ایک ڈویژن بینچ کوئٹہ رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف بغاوت کیس کی (کل) پیر سے سماعت کریگا بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس خلجی عارف حسین اور جسٹس اعجاز افضل خان شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

سابق صدر کیخلاف بغاوت کا مقدمہ چلانے کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے درخواست گزاروں کی طرف سے جواب الجواب کے بعد اٹارنی جنرل کا بیان فیصلہ کن ہوگا معلوم ہوا ہے کہ اٹارنی جنرل کی طرف سے (کل) پیر کو حکومت کی طرف سے بغاوت کیس میں سابق ڈکٹیٹر کیخلاف ٹرائل کے بارے میں واضح موقف سے آگاہ کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کے قانون کے تحت شکایت کے اندراج اور ٹرائل کیلئے ٹریبونل کے قیام کا جائزہ بھی لے رہی ہے واضح رہے کہ سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کیخلاف بغاوت کے الزام میں مقدمہ چلانے کیلئے متعدد درخواستیں زیر سماعت ہیں جس میں درخواست گزاروں اور رسپانڈنٹ پرویز مشرف کے وکلاء کے دلائل مکمل ہوچکے ہیں دریں اثناء چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ (کل) سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز منتخب اور غیر منتخب افراد میں بانٹنے، پی آئی اے میں بے قاعدگیوں، منگل کو جیلوں کی خراب حالت، بدھ کو این آر او عمل درآمد کیس، حج کرپشن ، رینٹل پاور پراجیکٹ عمل درآمد کیس، سابق چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی اور ملک میں غیر معمولی لوڈشیڈنگ کے مقدمات سنے گا چیف جسٹس کا بینچ جمعرات کو سابق وزراء اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کی طرف سے سی این جی کے 650 غیر قانونی لائسنس جاری کرنے کا کیس اور جمعہ کو سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت کریگا۔