وزیر اعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر بات کے بغیر بھارت سے مذاکرات کا عمل منسوخ کرکے کشمیریوں اوراہل پاکستان کے دل جیت لئے ہیں‘مسلم لیگ (ن)کے رہنما یاسر بٹ کا بیان

منگل 25 اگست 2015 23:06

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) مسلم لیگ (ن)کے رہنما یاسر بٹ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر بات کے بغیر بھارت سے مذاکرات کا عمل منسوخ کرکے کشمیریوں اوراہل پاکستان کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بھارتی ہٹ دھرمی اور اوفابیانات سے رو گردانی نے اس کے عزائم آشکارہ کر دیئے ہیں۔

بھارت کو عالمی برادری کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ مسئلہ کشمیر پر بات کے بغیر بھارت سے مذاکرات کسی طور پر آگے نہیں بڑھ سکتے، بھارت کو اب یہ حقیقت تسلیم کر لینی چاہیے۔ یاسر بٹ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ہمیشہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر صدائے احتجاج بلند کی ہے لیکن بھارت کی طرف سے پاکستان کی پرامن مذاکرت کی پیشکش پر ہمیشہ منفی ردعمل ظاہر کیا گیا اور اس مرتبہ بھی تمام تر تیاریوں اور طے شدہ ایجنڈے کے باوجود مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کا ایجنڈا ہذف کرنے کی پیشگی شرائط رکھ کر مذاکرات کا عمل سبوتاژ کیا گیا ہے جس کی عالمی برداری کومذمت کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

یا سر بٹ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن ، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور پاکستان نے اعلی سفارتی آداب کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کے ساتھ پرامن اور بامقصد مذاکرات میں ہمیشہ پہل کی ہے اورآئندہ بھی اسی پالیسی پر کاربند رہے گا لیکن بھارت جنگی جنون برپا کرکے خطے میں عدم استحکام دوچار کر رہا ہے جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے۔