وزیراعظم نواز شریف نے کشمیر کیلئے جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تین مرتبہ مسئلہ کشمیر اٹھایا جو قابل ستائش ہے ، آزاد کشمیر حکومت کو اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز آزاد دیئے، وفاقی وزیر برجیس طاہر

پیر 16 مئی 2016 17:23

راولاکوٹ ۔ 16 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے کشمیر کیلئے جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تین مرتبہ مسئلہ کشمیر اٹھایا جو قابل ستائش ہے اور آزاد کشمیر حکومت کو اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دیئے۔ چند روز قبل کچھ لوگ مداری کرنے کیلئے یہاں آئے، وہ جو سازش کر رہے ہیں یہ سازش کسی کے خلاف نہیں بلکہ وہ اپنی ہی پارٹی کے خلاف کر گئے، راولاکوٹ کا حلقہ جہاں ورکرز کنونشن ہوا آزاد جموں و کشمیر کے صدر کی بیٹی کا حلقہ انتخاب ہے لیکن انہوں نے ایک روپیہ بھی ترقیاتی کام پر نہیں لگایا۔

پیر کو یہاں صابر شاہ سٹیڈیم میں منعقدہ عظیم الشان ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجید اور یعقوب نے فریال تالپور کو اپنے ساتھ ملایا اور پانچ سال ان کا ٹھیکہ رکھا جنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو شہید بنا کر حکومت کی اور اب بلاول کو بھی شہید کہہ دیا، آزاد کشمیر حکومت کی لوٹ مار کی حد ہے کہ نوکریوں کے ساتھ ساتھ کشمیر کونسل کی ٹکٹیں بھی 20، 20 لاکھ روپے میں فروخت کی گئیں۔

(جاری ہے)

برجیس طاہر نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجید حکومت آپ کو بیوقوف بنا رہی ہے، ان کے ہاتھوں کھلونا نہ بنو بلکہ لیڈر بنو اور ان سے حساب لو۔ برجیس طاہر نے کہا کہ نواز شریف نے کشمیر کیلئے جو کچھ کیا وہ کون نہیں جانتا، تین مرتبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اٹھایا جو قابل ستائش ہے اورآزاد کشمیر حکومت کو اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دیئے۔

انہوں نے کہا کہ نادان بچے، میں پوچھتا ہوں کہ تم نواز شریف کو مودی کا یار کہتے ہو بتاؤ اپکی والدہ بے نظیر بھٹونے راجیو گاندھی کو سکھوں کی فہرستیں کیوں دیں، پانچ سال مجید اور یعقوب برسر اقتدار رہے، وہ اس علاقہ کی سڑکیں بھی بنا دیتے۔ انہوں نے وائس چانسلر کی نوکریاں فروخت کیں اور 15، 15 مشیر رکھ لئے اور خوب لوٹ مار کی، اب کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت نے فنڈز نہیں دیئے، ہم نے 139 ارب روپے ترقیاتی بجٹ کیلئے دیئے، کونسل کی طرف سے 20 ارب روپے دیئے، پیر قناعتی روڈ 80 کروڑ روپے اور بائی پاس 80 کروڑ روپے سے بنایا اور آگ بجھانے والی گاڑیاں آئندہ ماہ آپ کے پاس ہوں گے، 76 کروڑ روپے کا فنڈ اپنے دستخط سے بھجوایا جبکہ راولاکوٹ کے علاقوں میں ایک سڑک بھی نہیں بنی، مجید حکومت بلاول کو چکر دیتے ہیں کہ آپ نانا اور آپ کی والدہ شہید ہیں اور تم بھی شہید بن جاؤ تاکہ مزید لوٹ مار کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد سے مظفر آباد موٹروے، ریلوے لائن، نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ اور ہوائی اڈوں کے اربوں روپے کے منصوبے آزاد کشمیر حکومت کو دیئے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے میرپور یونیورسٹی کی تعمیر میں بھی خوردبرد کی، عوام ان تمام باتوں سے بخوبی آگاہ ہیں جس حلقہ بلوچ کے ضمنی انتخاب میں تمہیں لالے پڑ گئے اور آئندہ انتخاب میں تمہارے ساتھ ایسا ہی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان میں شفاف انتخاب کا وعدہ پورا کیا اور اب آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوں گے اور میرے قائد نے جو وعدہ کیا ہے کہ وہ پورا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے نوجوانوں کو لوٹا اور نوکریاں فروخت کیں، آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم سال کے 365 دنوں میں سے 300 دن اسلام آباد میں گزارتے ہیں یہ کونسی خدمت ہے، جنتے فنڈز ہم نے دیئے اگر وہ صحیح خرچ ہو جاتے تو کشمیر پیرس بن جاتا۔

انہوں نے کہا کہ میرپور میڈیکل کالج کیلئے بھی ہم نے فنڈز دیئے، مجید، یعقوب اور تالپور کاعوام احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں آزاد کشمیر میں پنجاب کے مقابلہ میں کوئی میگاپراجیکٹ ہے تو دکھائیں۔ انہوں نے مجید حکومت سے کہا کہ وہ الزام لگاتی ہے کہ کونسل کے 20 فیصد فنڈز وزیر امور کشمیر کے پاس ہیں چلو آپ 80 فیصد کا ہی حساب دیدو، آپ کی حکومت نے ایراء کے فنڈز بے نظیر انکم سپورٹ فنڈ میں لگا دیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف عدم اعتماد روکا، پاکستان کی طرح کشمیر میں بھی ہسپتالوں، یونیورسٹیوں اور کالجوں کا افتتاح ہو گا، آزاد کشمیر کے تمام حلقوں کیلئے 50، 50 کلومیٹر طویل سڑکوں کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے آزاد پتن سے باغ روڈ کو ایکسپریس وے میں تبدیل کرنا بھی اعلان کیا اور کہا کہ یہاں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر بھی بنیں گے۔