انڈیا اور پاکستان سے دوستانہ تعلقات کے باعث متحدہ عرب امارات مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ، بیرسٹر سلطان محمود

کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں ،مسئلہ افغانستان کا حل بھی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

جمعرات 25 جنوری 2018 17:28

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ اسکے انڈیا اور پاکستان دونوں سے دوستانہ تعلقات ہیں۔اسی طرح یہاں پر انٹراء کشمیر ڈائیلاگ بھی ہو سکتے ہیں۔کیونکہ ہم کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں کیونکہ مسئلہ افغانستان کا حل بھی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔

اسی طرح اوور سیئزپاکستانیوں اور کشمیریوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے اس سلسلے میںپاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں رٹ دائر کی ہے۔ جسطرح کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان نے بھی کہا ہے کہ تارکین وطن کے بغیر الیکشن نامکمل رہے گا انہیں ووٹ کا حق دیاملنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں دبئی میں پی ٹی آئی کشمیر گلف کے سیکریٹری جنرل راجہ راشد کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر عشائیے سے راجہ راشد، ظفر عباسی،سردار مرتضی، سردار ماجد شریف، پی ٹی آئی کشمیر یو اے ای کے صدر چوہدری محمد علی، پاکستان تحریک انصاف دبئی کے صدر عرفان افسر اعوان، راجہ خرم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اوورسیئز پاکستانیوں اور کشمیریوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے تاکہ وہ ملکی سیاست اور معاملات سے منسلک رہ سکیں اور اس طرح پاکستان کی اقتصادی صورتحال بھی بہتر ہو سکے گی۔

انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ اسکے پاکستان اور بھارت دونوں سے دوستانہ تعلقات ہیں اور یو اے ای انٹراء کشمیر ڈائیلاگ کے لئے بھی بہتر جگہ ہے تاکہ کشمیر ی جب آپس میں مل بیٹھیں گے تو مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نکل سکے گا ۔کیونکہ کشمیری مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں ۔

مسئلہ افغانستان کا حل بھی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہی نہیں بلکہ یہ امہ کا بھی مسئلہ ہے کیونکہ جب مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکا جاتا ہے اورجب مسلمانوں کے مذہبی مقامات کی بے حرمتی کی جاتی ہے اور خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے اور حریت رہنمائوں کوحج اور عمرے کی ادائیگی کے لئے نہیں جانے دیا جاتا تو پھر یہ امہ کا بھی مسئلہ ہے۔ لہذا متحدہ عرب امارات مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔