کے الیکٹرک کوقومی تحویل میں لیکر لوٹ مار کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے ،محمود حامد

صنعتیں اور کاٹیج انڈسٹریز تباہ ،برآمدات متاثر ہورہی ہیں ،کے الیکٹرک نے شہر کو جہالت کے اندھیروں میں جھونک دیا

بدھ 18 اپریل 2018 22:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد ،نائب صدور عثمان شریف ،عبدالماجد اور نوید احمد نے کہا ہے کہ کراچی کے ڈھائی کروڑ عوام کولوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کرکے اپنے ناجائز منافع کو بڑھانے کا شرمناک عمل کر کے کے الیکٹرک عوام دشمن ادارہ ثابت ہوگیا ہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کو فوری طور پر قومی تحویل میں لیا جائے اور کے الیکٹرک میں بدعنوانیوں ،اوور بلنگ اور تانبے کے تاروں کی چوری کی ہائیکورٹ کے جج سے تحقیقات کرائی جائے اور نیپرا کی تحیقیقات کا دائرہ بھی وسیع کیا جائے ۔ تاجر رہنمائوں نے 20اپریل کو جماعت اسلامی کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ ہائوس پر احتجاجی دھرنے کو کراچی کے عوام کے دل کی آواز قرار دیتے ہوئے اس میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

تاجر رہنمائوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی ناعاقبت اندیش انتظامیہ نے طویل لوڈشیڈنگ کے ذریعے صرف عوام کو ہی اذیت میں مبتلا نہیں کیا بلکہ اس شہر کی صنعت و تجارت کو بھی تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔شہر میں کے الیکٹرک کی 13 اور 16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے ملکی برآمدی آرڈرز کو بھی متاثر کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ تعلیم دشمن ادارہ بن کر سامنے آیا ہے شہر میں نویں اور دسویں کے امتحانات کے دوران طلبہ رات میں گھروں پر پڑھائی سے محروم رہے اور دن میں امتحانی مراکز میں بجلی کی بندش کے باعث انہیں پرچے دینے میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے میں بھر پور کردار اداکیاہے ،انہوںنے کہا کہ اعلیٰ عدالتی تحقیقاتی کمیشن عوام سے 200ارب روپے لوٹنے ،میٹر رینٹ کے نام پر عوام کے جیبوں کی ڈاکے ڈالنے کی بھی تحقیقات کرے ۔

انہوں نے کراچی کے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ 20اپریل کے دھرنے میں بھرپور شرکت کریں اور لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کی لوٹ مار کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کریں ۔