پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی ،سردارسربلند جوگیزئی

پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے خون سے جمہوریت کوپروان چڑھایا، کارکن بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں ،پیپلز پارٹی بلوچستان

جمعرات 26 اپریل 2018 16:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی ،پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے اپنے خون سے جمہوریت کوپروان چڑھایا کارکن بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں ،پارٹی چیئرمین اور دیگر مرکزی قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پر فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا 4مئی کو کوئٹہ میں پیپلز پارٹی اپنی بھر پور سیاسی اور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میںکوئٹہ کے جلسہ عام کی تیاریوںکے سلسلے میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صدر ثناء اللہ جتک ،جنرل سیکرٹری عین الدین کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سفر زہری ،نائب صدر گل خان اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

۔انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی عروج کی نئی منزلوں کی جانب رواں ہے اور2018کے انتخابات میں پاکستان بھر سے کامیاب ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی مرکز اور بلوستان سمیت چاروں صوبوں میں اپنی حکومتیں بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 4مئی کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جس میں پیپلز پارٹی کے کارکن بلوچستان بھر سے شرکت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میںجلد ہی استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے جائیں گے کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے زیراہتمام ہونے والا جلسہ ایک بہت بڑا عوامی اجتماع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی ہے تو بلا رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کی ہے اورانشاء اللہ آنے والا وقت بھی پیپلز پارٹی کا ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی جماعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے قائدین اور رہنماوں کو چاہئے کہ پیپلز پارٹی کے منشور اور پیغام کو نوجوانوں تک پہنچائیں ۔سردارسربلند جوگیزئی نے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے عہدیداروں اور کارکنوں کی مختلف کمیٹیاں قائم کرکے انہیں چار مئی کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف ذمہ داریاں سونپیں۔