سابق وزیر اعظم نواز شریف،مر یم نواز اور انکے داماد صفدر حسین (آج) ساہیوال میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے

پیر 30 اپریل 2018 16:00

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف،مر یم نواز اور انکے داماد صفدر حسین (آج)یکم مئی کو شام 4بجے ظفر علی سٹیڈیم میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔جلسہ گاہ میں تیاریاں عروج پر ہیں اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔ظفر علی سٹیڈیم کے تمام دا خل ہونے والے راستوں اور سٹیڈیم میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئے گئے ہیں اور مسلم لیگ یوتھ ونگ کے نوجوان کا دستہ بھی انتظامات کی نگرانی کرے گا۔

پولیس تر جمان کے مطابق سابقہ وزیراعظم پاکستان جناب میاں محمد نوازشریف کی شیخ ظفر علی سٹیڈیم ساہیوال میں جلسہ کے حوالہ سے سکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔جلسہ عام کے انعقاد کے لیے حفاظتی انتظامات کرنا اور امن وامان کے قیام کو یقینی بنانا پولیس کی ذمہ داری ہے اس موقع پر1143پولیس افسران و ملازمان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

جس میں2ایس پیز،6ڈی ایس پیز، 27انسپکٹرز،138سب انسپکٹرز/اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 726ہیڈ کنسٹیبلان وکنسٹیبلان اور22لیڈی کنسٹیبلان،12ایلیٹ کی ٹیمیں، 24سنائپراور140ٹریفک سٹاف شامل ہیں۔

جلسہ گاہ کے اردگرد ایریا میں سرچ آپریشن کئے جارہے ہیں مزید اردگرد آبادیوں میں برائے انفارمیشن سادہ لباس میں بھی ڈیوٹی مامور کی جائے گی۔ جلسہ گاہ کی مکمل سویپنگ بذریعہ ٹیکنیکل آلات اور سنائپر ڈاگز سپیشل برانچ اور CTDسے کروائی جائے گی۔ گاڑیوں کی پارکنگ جلسہ گاہ سے دور ہوگی۔کوئی غیر ضروری یا مشکوک گاڑی اندر نہ جانے دی جائے گی۔

ہرشخص کو بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر چیک کیا جائے گا اور واک تھروگیٹ بھی نصب کئے گئے ہیں۔جلسہ گاہ کی طرف جانے والے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں لگا دی گئی ہیں۔ محکمہ پولیس کے لیے موجودہ حالات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ جلسہ گاہ کے اردگرد ایلیٹ فورس کی گشت کو موثر بنایا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بھی پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونمانہ ہوسکے۔ ڈیوٹی پر مامور افسران و ملازمان کو ڈیوٹی کے بارہ میں مکمل طور پر بریف کردیا گیا ۔ ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی برتنے والے ملازمان کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔