حکومت نے سیاسی مخالفین کی سازشوں اور انتشار کے باوجود ترقیاتی پروگرام اور عوامی خدمت کے میدان میں واضح کامیابیاں حاصل کی ہیں، ان میں لوڈشیڈنگ

اوردہشتگردی پر قابو پانے کے علاوہ متعدد میگاپراجیکٹس کی تکمیل سمیت سی پیک کا انقلابی منصوبہ شامل ہے، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان

پیر اپریل 23:46

فیصل آباد ۔ 30اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے سیاسی مخالفین کی سازشوں اور انتشار کے باوجود ترقیاتی پروگرام اور عوامی خدمت کے میدان میں واضح کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں لوڈشیڈنگ اوردہشتگردی پر قابو پانے کے علاوہ متعدد میگاپراجیکٹس کی تکمیل سمیت سی پیک کا انقلابی منصوبہ شامل ہے۔

انہوںنے یہ بات سٹی کونسل 107راجہ پارک شیخاں والا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔چیئرمین شفیق انصاری،وائس چیئرمین راناشکیل،میاں سہیل،انورجوگی،رانا بنیامین ودیگر کارکنوں کے علاوہ عمائدین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقتدار کو عوامی خدمت اورترقی کے لئے استعمال اور تیز رفتاری سے ملک وقوم کو درپیش مسائل کو حل کیا اور اس مثالی کارکردگی کے اعلیٰ معیار سے سیاسی مخالفین بوکھلا گئے ہیں جنہوں نے ترقیاتی عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کیلئے دھرنے،لاک ڈائون،افراتفری اور انتشار سمیت دیگر طرح طرح کے حربے استعمال کئے لیکن ان تمام رکاوٹوں کے باوجود ملک میں بجلی پیدا کرنے کے اس قدر کارخانے لگائے گئے جن کی بدولت لوڈ شیڈنگ تقریبا ختم ہوچکی ہے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہے اس سے قبل کسی حکومت نے سی پیک کا نام بھی نہیں لیا تھا۔صوبائی وزیرقانون نے حلقہ کی تعمیر وترقی کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے حلقہ پی پی 70میں تعلیم،،صحت،مواصلات،سیوریج،واٹر سپلائی،سٹریٹ لائٹس،بہترین پبلک پارکس،سپورٹس سٹیڈیم/جمنیزیم،فنی تعلیم کے ادارے اور دیگر شعبوں میں وسیع بنیادی سہولتیں لوگوں کی دہلیز پر میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ کے عوام نے جس طرح ہمیشہ بھرپور حمایت سے گہری محبت کا اظہار کیا ہے وہ علاقہ کی تعمیر وترقی کے لحاظ سے واضح نظر آرہی ہے اور پاکستان مسلم لیگ ن آئندہ بھی وطن عزیز کو ترقیوں کی مزید بلندیوں تک پہنچائیں گی ،اسی کارکردگی کی بناء پر آئندہ جنرل الیکشن بھی جیتں گے جبکہ عوام دھرنوں اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیںگے۔

اس موقع پر چیئرمین شفیق انصاری،رانا شکیل،میاں سہیل ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کی شاندار عوامی خدمت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے اقتدار کو اللہ تعالیٰ اورعوام کی امانت سمجھتے ہوئے عوامی خدمت کا صحیح حق ادا کیا ہے اور وہ حلقہ کے عوام کے سامنے سرخرو ہیں، یہی وجہ ہے کہ حلقہ کے عوام ان سے گہری محبت رکھتے ہیں جس کاثبوت وہ آئندہ الیکشن میں بھی دیں گے۔