مقبوضہ کشمیر، اشرف صحرائی کا پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت

تحریک حریت کی نوجوانوں کو گرفتار اور طلباء کاتعلیمی کیرئر تباہ کرنے کی شدید مذمت

منگل 1 مئی 2018 12:18

سرینگر ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںتحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ضلع پلوامہ کے علاقے دربہ گام میں شہید ہونے والے نوجوانوںسمیر احمد بٹ،عاقب مشتاق وانی اور 14سالہ طالب علم شاہد اشرف ڈار کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے ہمارے نوجوانوں کے خون سے سرزمین کشمیر کو لالہ زار بنادیا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آئے روزکشمیری نو جوانوں کا خون بہایا اور املاک کو خاکستر کیا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمران کشمیریوں کے ساتھ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کئے گئے وعدوں سے انحراف کرکے اپنے جبری قبضے کو دوام بخشنے کے لیے تمام ظالمانہ اور جابرانہ حربے آزمارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی حکمرانوں نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی پُرامن تحریک کو کبھی خاطر میں نہیں لایا جس کی وجہ سے یہاں کا نوجوان سربہ کف ہونے پرمجبور ہوا تاکہ اقوامِ عالم تک مظلوم ومحکوم قوم کی آواز پہنچائی جائے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کی آڑ میں کشمیری نو جوانوں کی نسل کُشی کررہا ہے۔ دریں اثناء تحریک حریت جموں وکشمیر نے ضلع پلوامہ کے علاقوں ترال اور کریم آباد اورضلع شوپیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے شبانہ چھاپوں کے دوران نوجوانوں کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز عوام کو خوفزدہ کرنے کے لیے رات کی تاریکی میں گھروں پر چھاپے مارکر اہل خانہ کو ہراساں کررہی ہیں تاکہ لوگ خوفزدہ ہوکر تحریک آزادی سے دستبردار ہوجائیں۔

تحریک حریت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ وادی کے طول وعرض میں چھاپوں، توڑ پھوڑ، محاصروں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اورطلباء کو گرفتار کرکے اُن کے تعلیمی کیرئیر کو تباہ کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ کاکپورہ کے علاقے مارول سے ایاز احمد شیر گوجری، امتیاز احمد ڈار اور محمد الطاف ڈار کو 10دن پہلے گرفتار کرکے پولیس چوکی کاکپورہ میں نظربند کیا گیا اور اس طرح اُن کے تعلیمی کیرئر کو تباہ کیا جارہا ہے۔ اسی طرح ترال ،کریم آباد اور شوپیان میں طلباء کو گرفتار کرکے تعلیم سے روکا جارہا ہے۔ تحریک حریت نے کلیم اللہ شیخ، محمد آصف بٹ اور جاوید احمد خان پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے کٹھوعہ جیل منتقل کرنے کی بھی شدید مذمت کی ہے۔