آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت

جمعرات 3 مئی 2018 00:10

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزیر قانون و پارلیمانی امور چوہدری جاوید اختر، وزیر برقیات راجہ نثار احمد خان ، وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ ، وزیر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی محمد احمد رضا قادری ، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، ممبران اسمبلی راجہ محمد صدیق خان، چوہدری شہزاد محمود اور ڈاکٹر مصطفی بشیر نے اسمبلی اجلاس میں قراردادیں پیش کیں ۔

قرار داد کے مطابق قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر کا یہ معزز ایوان مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ قابض افواج ، پیرا ملٹری ٹروپس کی بدترین ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بدنام زمانہ کالے قوانین ، ماورائے عدالت قتل، کشمیریوں کی نسل کشی، خواتین کی آبروزیزی، کریک ڈائون، محاصرے، گھر گھر تلاشیوں، کرفیوکے نفاذ، میڈیا پر قدغن، انٹرنیٹ پر پابندی اور پیلٹ گن کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر ، سیکورٹی کونسل کی منظور شدہ قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق ، حق خودارادیت دلوانے میں اپنا فیصلہ کن کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

یہ معزز ایوان شوپیاں ، پلوامہ ، اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھارتی افواج اور سیکورٹی فورسز کی بربریت اور جارحیت کے ارتکاب سے 20کے الگ بھگ نہتے پرامن آزادی پسند کشمیریوں کے قتل عام سینکڑوں کو زخمی اور املاک کی تباہی ، پیلٹ گن کے ذریعے نوجوانوں کو بینائی سے محروم کرنے ، بوگس مقدمات قائم کرنے کی یکطرفہ کارروائیوں کی بھی مذمت کرتا ہے اور سیز فائرلائن ،ورکنگ بائونڈری عسکری جارحت سے بہادر افواج پاکستان کے آفیسران اور نوجوانوں سمیت شہریوں کی بے شمار قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع ، عالمی قوانین کو پائوں تلے روندنے کی پاداش میں انصاف اور جنگی جرائم کی عالمی عدالتوں میں بھارت کے خلاف مقدمات درج کرانے کا متفقہ پرزور اور قومی مطالبہ کرتاہے ۔

یہ معزز ایوان تحریک آزاد ی کشمیر کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے کفن کا لباس پہن کر سروں کی فصلیں کٹوانے والے حریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔ یہ ایوان بھارتی آر ایس ایس کے غنڈوں کی جانب سے ننھی آصفہ کا اغواء ، عصمت دری اور قتل کے بہیمانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کرتا ہے کہ اس انسانیت سوز جرم کی پشتبانی نام نہاد سرینگر کی کٹھ پتلی حکومت کی حلیف بی جے پی کے ممبران اسمبلی اور وزراء کی طرف سے بڑی ڈھٹائی سے کی گی اور مجروموں کے تحفظ کے لئے ان کے حق میں مظاہرے کیئے گئے ۔

بی جے پی کا یہ مکروہ چہر اب دنیا کے سامنے آچکا ہے اور اس کی عالمی سطح پر مذمت بھی کی گئی ۔ یہ ایوان ننھی آصفہ شہید کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری کو متوجہ کرتا ہے کہ اس ہندو انتہاء پسند قسطائی ٹولے کا نوٹس لیا جائے اس لیئے کہ ہمیں خدشہ ہے کہ صوبہ جموں میں یہ ٹولہ مسلم کشی کی وہی حکمت عملی دوہرانا چاہتا ہے جو 1947 میں ایک بڑے قتل عام کے ذریعے مسلم آبادی کا تناسب کم کرنے کی کوشش کی گئی اور خدانخواستہ اگر اس فسطائی ٹولے کا راستہ نہ روکا گیا تو مسلم کشی کی لہر برپا ہونے کا خدشہ ہے جو اس خطے کو مزید پچیدگی اور جنگ کی طرف دکھیل سکتا ہے اور ساری صورتحال کا ازالہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآ مد کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت کا حق دیا جائے ۔

قانون ساز اسمبلی آزاد جموںوکشمیر کا یہ اجلاس حریت کانفرنس کے قائدین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک ، سید شبیراحمد شاہ ،ل آسیہ اندرابی ، مسرت عالم بٹ سمیت آزادی کے لیئے جددجہد کرنے والے عظیم سپوتوں کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں اور قومی عالمی ذرائع ابلاغ پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ کمیشن تشکیل دیکر مقبوضہ کشمیر کے شہری علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے رسائی دینے پر بھارت پر دبائو بڑھانے کی اشد ضرورت محسوس کرتا ہے ۔

یہ ایوان ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی برطانیہ آمد کے موقع پر کشمیریوں کی جانب سے بھرپور احتجاج، جس کی قیادت وزیر عظم آزاد کشمیر جناب راجہ فاروق حیدر خان نے کی اور اس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ دنیا بھر کے کشمیریون کی بھر پور شرکت کرنے پر بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے اور کشمیریوں کے احتجاج سے عالمی برادری کو یہ پیغام ملا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلہ میں تمام کشمیری ایک ہیں اور یہ ایوان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے موجودہ حکومت کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔

یہ ایوان آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کرنے پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے گزشتہ سال حکومت پاکستان نے آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کر دیا تھا جس کی وجہ سے اہم نوعیت کے قومی منصوبوں کی تکمیل میں مدد ملی ہے جبکہ آئیندہ مال سال کے لئے بھی حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر کے لئے ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ رقم مختص کی ہے جو کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی کشمیریوں کی تحریک آزادی اور کشمیر کے عوام سے والہانہ عقیدت کا مظہر ہے جس پر تمام کشمیری قوم، حکومت پاکستان کی شکر گزار ہے۔

وزیر اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس بھارتی افواج کی جانب سے شوپیاں میں 22کشمیری نوجوانوں کی شہادت اور برنالہ پیر جمال سیکٹر پر بلا جواز فائرنگ اور خلاف ورزیوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں اور مالی نقصان پر تشویش کا اظہار کرتا ہے ۔

بھارت کی جانب سے آئے روز لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ۔ جس کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم وستم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے ۔یہ ایوان اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبر دار دیگر عالمی اداروں سے در اندازی روکنے اورمعاملہ کی تحقیقات کیئے جانے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام ہو سکے ۔

پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی خطرات سے دو چار ہے ۔ بھارت نہ صرف کھل کر پاکستان دشمنی کا اظہار کرتا ہے بلکہ آئے روز بھارت نے سرحدوں پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس سے سول و فوجی افراد شہید ہورہے ہیں ۔ موجودہ حالات میں پاکستان کسی بھی انتشار ، تصادم اور محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ ملک کے معروضی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ تمام سیاسی ، سماجی اور مذہبی قیادت متحد ہو جائے اور سیاسی استحکام کو یقینی بنائیں تاکہ اندرونی اور بیرونی سازشوں کا ملکر مقابلہ کیا جائے ۔

یہ ایوان حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کی ہر فورم پر حمایت اور آزادی کی جدوجہد میں کشمیریوں کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ یہ ایوان عالمی راہنما برادری اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی غاصب فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کی کے اندر دراندازی کا نوٹس لے اور بھارت کو خبر دار کرے کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرے تاکہ کشمیری اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں ۔

وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجلاس مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان کی قابض افواج کی طرف سے پر امن مظاہرین کی شہادتوں ، گرفتاریوں ، تشد د ، جائیدادوں کو نقصان پہچانے ، پیلٹ گن کے بے تحاشہ استعمال اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتا ہے ۔

مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی طرف سے اپنے تسلیم شدہ حق ، حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ۔ یہ اجلاس عالمی برداری سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان کے ظلم و ستم سے جس انسانی المیہ نے جنم لیا ہے کا فوری نوٹس لیا جائے اور کشمیری عاوم کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔

یہ ایوان مقبوضہ جموں وکشمیر کے حریت پسند عوام اور حریت قائدین کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ان کو یقین دلاتا ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں یہ ایوان ان کے شانہ بشانہ رہے گا۔ یہ ایوان ہندوستان کی افواج کی طرف سے سیز فائر لائن لائن، ورکنگ بائونڈری کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے ۔ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے سیز فائر معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے ۔

عالمی برداری کو سیز فائر پر ہندوستان کی فائرنگ سے شہادتوں ، زخمیوں اور مالی نقصان کا نوٹس لینا چاہیے ۔ یہ معزز ایوان سیز فائر لائن پر بسنے والے آزاد کشمیر کے عوام اور افواج پاکستان کی جرات ، بہادری اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور یہ یقین دلاتا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام، حکومت اور ممبران قانون ساز اسمبلی ان کے ساتھ ہیں اور متاثرین سیز فائر لائن کی بحالی کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے ۔

یہ ایوان ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی لندن آمد کے موقع پر برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کی طرف سے مکمل اتحاد و یکجہتی کے ساتھ بھرپور احتجاج پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور آزادکشمیر کی تمام سیاسی و مذہبی قیادت اور برطانیہ میں متحرک تمام کشمیری تنظیموں کی اس کاوش کو انتہائی مثبت قدم قراردیتا ہے ۔ یہ ایوان قائد ایوان وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی طرف سے دورہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور اس یقین کا اظہار کرتا ہے کہ ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے اسی جذبہ کے تحت کام جاری رکھا جائیگا۔

یہ ایوان شہداء جموں وکشمیر اور سیز فائر لائن پر ہندوستان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور ان کے بلندی درجات کیلئے دعا گو ہے جبکہ قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ، ممبران اسمبلی سردار عتیق احمد خان، عبدالرشید ترابی ، راجہ جاوید اقبال ، اسد علیم شاہ، کی جانب سے بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے قراردادیں پیش کی گئیں۔