خطے میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کاحل ناگزیر ہے‘مختار وازہ

جمعہ 4 مئی 2018 16:25

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماء اور جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے کہاہے کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے اسلام آباد قصبے کے علاقے اچھہ بل میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں اور مذاکراتی عمل میں ان کی شرکت کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی دیر پا حل تلاش نہیں کیاجاسکتا ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیر ی عوام امن پسند لوگ ہیں جو اپنا حق خودارادیت مانگ رہے ہیں تاہم بھارت نے وادی کشمیر کو ایک قبرستان میں تبدیل کردیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو پاکستان ، بھارت اور کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیاجاسکتا ہے ۔ مختار وازہ نے مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند تمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔