پیپلز پارٹی کے خلاف دہرا اور غیر منصفانہ رویہ ختم کیا جائے‘ ایم پی اے جاوید ناگوری

تمام ناانصافیوں کے باوجود پی پی نے کبھی اداروں اور قانون کیخلاف توہین آمیزرویہ اختیار نہیں کیا‘وقاص شوکت ‘سردار نزاکت مشترکہ بیان

جمعہ 4 مئی 2018 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ایم پی اے جاوید ناگوری،ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت اور پی پی پی میڈیا سیل سندھ کے ممبر سردار نزاکت نے اپنے مشترکہ بیان میں میڈیا پر چلنے والی نیب کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خلاف ہرزہ سرائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائم ہونے سے آج تک پیپلز پارٹی کے خلاف جھوٹے الزامات اور اداروں کی جانب سے اس کا ٹرائل ہوتا رہا ہے وہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ہوں، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہو یا سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ہوں، پیپلز پارٹی مخالفین نے ہمیشہ اداروں کو استعمال کیااور پارٹی قائدین و کارکنان کا استحصال جاری رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قائم کسی سیاست جماعت کے ساتھ ایسا دوہراو غیر منصفانہ معیار نہیں رکھا گیا جس طرح پیپلز پارٹی کے ساتھ سلوک کیا جاتا ہے کہ جرم ثابت ہونے سے پہلے ہی انہیں گناہگار قرار دے کرپابند سلاسل کیا جاتا ہے اور طویل عرصے تک جاری رہنے والی مقدمے بازی کے بعد بالآخر وہ باعزت بری ہوئے ہیں۔ سابق صدر پاکستان اور مرد حر آصف علی زرداری کو 11سال قید وبند میں رکھنا اس کی واضح مثال ہے ۔

ان تمام ناانصافیوں اور ظلم وجبر کے باوجود پیپلز پارٹی نے کبھی اداروں اور قانون کیخلاف توہین آمیزرویہ اختیار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان پیپلز پارٹی کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو ایک سیاسی جج نے چھ سیکنڈ کی سزا سنائی تو پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس یہ راستہ موجود تھا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل کرے مگر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے یہ اصولی فیصلہ کیا کہ پاکستان کی عالیٰ عدلیہ کا احترام ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائیگا تاکہ ادارے کمزور نہ ہوکیونکہ اداروں کا کمزور ہونا ملک کا کمزور ہونا ہے۔