مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کے خلاف بھارتی افواج نے مظالم کی انتہا کر دی‘شاہ غلام قادر

بے گناہ نوجوانوں کے قتل عام کی کُھلی چُھٹی دینا بھارتی جمہوریت کا نام نہاد پردہ انٹرنیشنل فورمز پر بے نقاب ہو چُکا ہے

منگل 8 مئی 2018 13:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) قائمقام صدر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کے خلاف بھارتی افواج نے مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ بے گناہ نوجوانوں کے قتل عام کی کُھلی چُھٹی دینا بھارتی جمہوریت کا نام نہاد پردہ انٹرنیشنل فورمز پر بے نقاب ہو چُکا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور عالمی طاقتیں بھارت کو طاقت کے جابرانہ استعمال سے باز رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

آئے روز حالات سنگین سے سنگین تر ہورہے ہیں۔ جس پر آزاد کشمیر کے عوام کو گہری تشویش ہے۔ شاہ غلام قادر قائمقام صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ طاقت کے بل بوتے پر آزادی کی تحریک کوزیادہ دیر تک نہیں دبایا جا سکتا۔ اقوام متحدہ کے ادارے کو کشمیر کے حوالے سے اپنی منظور شُدہ قرارداد حق خود ارادیت کو عملی جامہ پہنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام نے بھارتی مظالم کا مردانہ وار مقابلہ کیا ہے۔

آج وادی ء کشمیرمیں بھارت کی 8لاکھ افواج شکست و ریخت سے دوچار ہیں۔ نہتے عوام پر درندگی کے واقعات کرنا ناکامی کا ثبوت ہے۔ قائمقام صدر آزاد کشمیر نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیری قیادت کو فوری رہا کرے۔ مظالم کا سلسلہ بند کرے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ریاستی عوام کو آزادی کا حق دے، یہی راستہ خطے میں امن کا راستہ ہے ورنہ تباہی و بربادی سے خطے کو کوئی نہیں بچا سکتا۔