رکن برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی سے 12کشمیریوں کی شہادت پر اظہار مذمت ‘پاکستان سے مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ

بدھ 9 مئی 2018 17:06

بریڈفورڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) ممبر برطانوی پارلیمنٹ وشیڈ وزیر لیبر پارٹی ناز شاہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی سے 12کشمیریوں کی شہادت پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کی اور پاکستان سے یہ مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کیا انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے تشدد اور جبر کے پہاڑ توڑ دیئے، بھارت ظلم سے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا۔

بھارت کشمیریوں کو تباہ کرنے کے درپے ہے‘ پاکستان کی حکومت اور سیاسی قیادت کو ان مظالم کی پرزور مذمت کرنی چاہئے۔ کشمیری کب تک بھارتی مظالم برداشت کرتے رہیں گے‘ پاکستان کی حکومت اور سیاسی جماعتوں کو مسئلہ کشمیر کے ایک ایجنڈے پر اکٹھا ہونا چاہئے دنیا میں پرامن مزاحمتی تحریکوں پر تشدد کا رواج نہیں ہے لیکن فلسطینیوں اور کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں مقبوضہ کشمیر کی قیادت کو مدعو کر کے اور آر پار کی کشمیری قیادت کے ساتھ مل بیٹھ کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق میڈیا ایڈوائزر صدر آزادکشمیر خالد محمود خالق سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں بد امنی کی بنیادی وجہ عالمی برادری کی طرف سے امن کے قیام کیلئے وضع کردہ اصولوں پر عملدرآمد نہ ہونا ہے طاقت اور جبر کے زور پر امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک مسئلہ کشمیر موجود ہے ایشیاء میں امن کا قیام ممکن نہیں مسئلہ کشمیر کے حل میں اگر کشمیریوں کی خواہشات کو نظر انداز کیا گیا تو پھر امن قائم نہیں ہو گا دنیا میں عالمی ضمیر نام کی کوئی چیز نہیں ہے یہ محض فراڈ ہے اب ایجنسیوں سے زیادہ طاقتور گروپ موجود ہیں جو دنیا پر اثر اندا ز ہو رہے ہیں اور ان عالمی طاقتور گروپوں کے اپنے مفادات ہیں معاشروں میں بد امنی کی انتہا تب ہوتی ہے جب نا انصافی پر لوگ معاشرے یا ریاست کے خلاف ہو جائیں امن کے قیام کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن مکمل نہیں بھارت مقبوضہ کشمیر میںپر امن عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ کر کسی طو پر کشمیریوں کے دل نہیں جیت سکتا اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کشمیریوں کی آزادی کا متبادل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی عوام پر بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے اور ان کو حق خود ارادیت دلوانے میںکردار ادا کرنا چاہیے اگر برطانیہ میں سکاٹ لینڈ کی عوام کو حق رائے دہی دیا جا سکتا ہے تو پھر 70سال سے آزادی کی جنگ لڑ نے والے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کیمطابق ان کا حق کیوں نہیں دیا سکتا کہ وہ اپنی آزادی کا فیصلہ کر سکیں ۔

بھارت ظلم اور جبر کے ساتھ کشمیریوں پر حکمرانی نہیںکر سکتا۔