ؓنریندر مودی کشمیریوں کے من کی بات بھی سن لیں ،ْ حریت چیئر مین

تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہی حل کیا جاسکتاہے ،ْ میر واعظ

ہفتہ 19 مئی 2018 13:57

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو صرف کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہر ماہ ریڈیو اور ٹی وی کے ذریعے بھارتی عوام سے ’’ من کی بات‘‘ پروگرام میںمخاطب ہوتے ہیں لہذا انہیں کشمیریوں کے من کی بات بھی سننی چاہیے جو یہ ہے کہ بھارت تنازعہ کشمیر کی حقیقت تسلیم کرے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیری ان وعدوں کا وفا چاہتے ہیں جو بھارتی حکمرانوں نے کشمیریوں سے کر رکھے ہیں۔ میر واعظ نے کہاکہ کشمیری عوام بھی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے پر سرینگر کے تاریخی لالچوک میں جمع ہو کر ان تک اپنے من کی بات پہنچانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہ بھارت نے رمضان المبارک کے دوران کشمیریوں پر گولیاں نہ برسانے کا اعلان کیا جسکا واضح مطلب یہ ہے کہ اس مبارک مہینے کے بعد بے گناہ لوگوں کا قتل عام پھر شروع ہو جائے گا۔ میر واعظ نے کہا کہ اگر بھارت تنازعہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ ہیں تو اعتماد سازی کے اقدامات کے طور پر پہلے مقبوضہ کشمیر سے فوجی انخلااور یہاں نافذ کالے کالے قوانین منسوخ کرے۔